Home » Gujranwala » اٹھائیس مئی کو ایٹمی دھماکہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، ایس اے حمید

اٹھائیس مئی کو ایٹمی دھماکہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، ایس اے حمید

گو جر انو الہ:چیئرمین ٹاسک فورس وزیر اعلی پنجاب و ایڈمنسٹریٹر فوڈ سپورٹ پروگرام ایس اے حمید نے کہا ہے کہ بے پناہ عالمی دباؤ اور مراعات کی پرواہ کیے بغیر مسلم لیگی قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے اٹھائیس مئی کو ایٹمی دھماکہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ۔ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے اور ملک کی بقاء و سالمیت کو استحکام بخشنے اور آمریت کے سورج کو غروب کرنے پر قوم میاں نواز شریف کو سلام پیش کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایٹمی طاقت بننے کے گیارہ سال مکمل ہونے پر یوم تکبیر کے حوالہ سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں سابق ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی حلقہ 93 گوجرانوالہ رضا حمید ،پارٹی عہدیداروں اور تاجر رہنماؤں نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد روز اول ہی سے بھارت نے پاکستان کو دل سے تسلیم نہ کیا اور اس کے وجود کے خاتمہ کیلئے جنگیں مسلط کیں ۔ جس کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے دیار غیر میں مقیم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ایٹم بم کی تیاری پر قائل کیا اور محسن پاکستان بنا دیا جبکہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے بے پناہ عالمی دباؤ اور مراعات کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایٹمی دھماکہ کر کے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنا کر سولہ کروڑ عوام کے ہیرو ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیا۔