Home » Gujranwala » کمسن طالبعلم کو 14 لاکھ تاوان کیلئے اغواء پولیس ملزم کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا

کمسن طالبعلم کو 14 لاکھ تاوان کیلئے اغواء پولیس ملزم کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا

گو جر انو الہ:پانچ سالہ کمسن نرسری کلاس کے طالبعلم کو 14 لاکھ تاوان کیلئے سکول سے اغواء کرنیوالے نجی یونیورسٹی کے فائنل ائیر کے طالبعلم ملزم اور اس کی خاتون ساتھی کو گوجرانوالہ پولیس نے ڈرامائی انداز میں گرفتار کر کے تاوان کی رقم آسٹریلیا سے واپس منگوا لی۔ یہ بات ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر) محمد شعیب نے پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹر افضل بٹ بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ محلہ فیصل آباد کے رہائشی عثمان نے اپنی کزن مسرت بی بی عرف رانی کے ذریعے ماڈل ٹاؤن میں واقع ایک پرائیویٹ سکول میں فون کروایا کہ میں اسامہ ولد محمد فاروق کی والدہ ہوں اور ہمارے گھر ایمرجنسی ہو گئی ہے لہذا میں اپنی نوکرانی بھیج رہی ہوں بچے کو اسکے ساتھ بھجوا دیں جس پر سکول انتظامیہ نے بچے کو بھجوا دیا۔ چھٹی اوقات گزرنے کے بعد والدین نے سکول رابطہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ بچہ صبح 10 بجے چلا گیا ہے۔ اسی اثناء میں اغواء کاروں نے چودہ لاکھ تاوان لینے کیلئے فون کر دیا اور کہا کہ مطلوبہ رقم گجرات میں چوہدری ظہور الہیٰ پیلس کے بالعکس واقع کرنسی ایکسچینج میں مطلوبہ اکاؤنٹ میں آسٹریلیا منتقل کروا دیں۔ جو رقم والدین نے جمع کروا کر رسید حاصل کر لی جس پر انہوں نے بچے کو چھوڑ دیا تاہم پولیس نے رقم منتقل کرنے کے بعد ملزمان کو ٹریس کر کے اسے گھر سے پکڑ کر ابتدائی تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا جس پر پولیس نے تاوان کی رقم ملزمان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے سے قبل رکوا دی اور وہ رقم واپس منگوا کر بچے کے والد محمد فاروق کے حوالے کر دی۔ میڈیا کے سامنے ملزم عثمان نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ پلان اپنے گھر میں تیار کیا تھا چونکہ میری چار جوان بہنیں ہیں جو جہیز نہ ملنے کے باعث تاحال کنواری ہیں اور میں نے بی کام میں فسٹ ڈویژن لینے کے بعد معمولی نوعیت کی نوکری کی اور اسی دوران سکالرشپ پر مقامی یونیورسٹی میں ایم بی اے کرنے لگا مگر مجھے نوکری سے نکال دیا گیا اور مجبوری کے تحت میں نے یہ قدم اٹھایا جبکہ بچے کے والدین نے کہا کہ ہم بے حد خوش ہیں کہ ہمارا لخت جگر ہمیں مل گیا ہے۔ ڈی آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ نے تفتیشی ٹیم ایس پی سٹی اویس احمد، ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن اور ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دینے کا بھی اعلان کیا۔