Home » Gujranwala » ڈسٹرکٹ کوارڈینشین آفیسر سردار اکرم جاوید نے جمعہ کے روز اپنے دفتر کے باہر کھلی کچہری منعقد کی

ڈسٹرکٹ کوارڈینشین آفیسر سردار اکرم جاوید نے جمعہ کے روز اپنے دفتر کے باہر کھلی کچہری منعقد کی

گجرات:حکومت پنجاب کی ہدائت پر ڈسٹرکٹ کوارڈینشین آفیسر سردار اکرم جاوید نے جمعہ کے روز اپنے دفتر کے باہر کھلی کچہری منعقد کی جس میں متعدد افراد نے اپنی شکایات پیش کیں۔ ڈی سی او نے موقع پر احکامات جاری کیے۔رندھیر کھوکھراں کے رہائشیوںآمنہ بی بی،منظور بی بی ، غلام قادر،محمد یوسف اور دیگر نے حلقہ کے پٹواری ظفر اقبال کے خلاف شکائت کی کہ اس نے بھاری رشوت لینے کے باوجود نہ تو فرد جاری کی ہے اور نہ ہی انتقال درج کر رہا ہے۔بلکہ کہتا ہے کہ تحصیلدار کیلئے بھی پیسے دیںگے تو انتقال درج ہو گا۔ڈی سی او نے ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو کو تحقیقات کرکے شکائت دور کرنے اوررپورٹ بھجوانے کی ہدائت کی۔موہری روڈ کھاریاں کے رہائشیوں نے افتخار احمد کے خلاف شکائت کی کہ وہ بھٹہ خشت آبادی میں بنا رہا ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ڈی سی او نے ڈی پی او اور ڈسٹرکٹ آفیسر ماحولیات کو قانونی کارروائی کی ہدائت کی۔محلہ چاہ ترنگ کے مکین شکیل احمد نے شکائت کی کہ ٹی ایم اے نے ایک ناخواندہ شخص رکھامسیح کو سینیٹری انسپکٹر کا چارج دیکر شہر کی اہم پانچ یونین کونسلوں کا انچارج بنا رکھا ہے جس کی نا اہلی اور عدم توجہی کے باعث صفائی کا کوئی کام نہیں ہو رہا اور شہر کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ڈی سی او نے ٹی ایم او گجرات کو شکائت کے ازالے کا حکم دیا۔منیر حسین و غیرہ کی شکائت پر ای ڈی او ورکس کو ہدائت کی گئی کہ وہ تحصیل آفس کی شکستہ عمارت کی تعمیر و مرمت کیلئے فوری اقدامات کریں۔تبادلوں کی متعدد درخواستوں پر ڈی سی او نے واضح کیا کہ حکومت نے ہر قسم کے تبادلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لہٰذا پابندی ہٹنے کے بعد تبادلے کی درخواستیں دائر کی جائیں۔