Home » Business » وفاقی حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے،پنجاب اسمبلی

وفاقی حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے،پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی نے متفقہ قرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پری بجٹ بحث میں کالا باغ ڈیم پر صوبوں کے تحفظات دور کرنے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔اسپیکر رانا محمد اقبال خان کی زیر صدار ت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اعجازاحمد خان نے ایوان کی اجازت سے قواعد کی معطلی کی درخواست کرتے ہوئے پیش کی۔ قرارداد میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دیتے ہوئے اضا فہ واپس لے۔ قراردادکی منظوری کے وقت ایوان میں وزیرقانون سمیت صرف چھ اراکین موجود تھے جبکہ واحد اپوزیشن رکن جاوید گجر نے بھی قرارداد کی مخالفت نہ کی۔ایوان میں پری بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے اراکین نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو ملکی ترقی کے لئے ضروری قراردیتے ہوئے مخالف صوبوں کے تحفظات دور کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے لائیو سٹاک کی ترقی ، امن وا مان کی بہتری کی بھی تجاویز دیں۔ اسمبلی کا اجلاس منگل کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔