Home » Gujranwala » شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی پولیس کا اولین فرض ہے ، سٹی پولیس آفیسر

شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی پولیس کا اولین فرض ہے ، سٹی پولیس آفیسر

گوجرانوالہ(سینئر رپورٹر)شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کو عدالت مجاز سے سزا دلوانا پولیس کا فرض ہے ۔ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسر محمد احسان طفیل نے گذشتہ روز اپنے آفس میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقعہ پر ایس پی صدر ڈویژن اطہر اسماعیل ، ایس ڈی پی او وزیر آباد امجد علی تارڑ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق ماہ فروری میں تھانہ صدر وزیر آباد میں مورخہ 13فروری کو وینیس نامی عورت کا اندھا قتل ہوا۔مورخہ24فروری کو دوران ڈکیتی نامعلو م ملزمان نے فیاض نامی شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ جبکہ مورخہ28 فروری کو مسمات فوزیہ جس کی شادی وقوعہ سے 8یو م قبل ہوئی تھی کو دوران ڈکیتی قتل کر دیا۔مقدمات درج ہونے کے بعد سٹی پولیس آفیسر محمد احسان طفیل کے احکامات کے پیش نظر ایس پی صدر اطہر اسماعیل اور ایس ڈی پی او سرکل وزیر آباد امجد علی تارڑ کی زیر نگرانی SHOتھانہ صدر وزیر آباد انسپکٹر فیاض احمد ، انوسٹی گیشن انچارج انسپکٹر محمد اختر ، سب انسپکٹر گلزار احمد ، ہیڈ کنسٹیبل شوکت علی، کنسٹیبلان ، اعجاز احمد اور عمران شاہد پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور انہیں ملزمان کی گرفتار ی کا ٹاسک دیا ۔پولیس کی اس ٹیم نے دن رات محنت کر کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلاتے ہوئے سائنٹیفک انداز میں تفتیش کی اور نامعلوم ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ۔13فروری کے مقدمہ میںملزمان عامر شہزاد ولد غلام محمد سکنہ ضلع سرگودھا ،سعدیہ عرف شازیہ زوجہ مشتاق مسیح سکنہ کرسچن کالونی وزیر آبادگرفتار ہوئے، دوران تفتیش ملزم عامر شہزاد نے بتایا کہ اُس کے سعدیہ کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے جس کا علم مقتولہ وینیس کو ہو گیا تھا جس پر اُس نے سعدیہ کی ایما پر اُسے قتل کیا۔ 24فروری کے مقدمہ میںملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ عابد عرف عابو سکنہ علی پور چٹھہ ، علی اکبر عرف چاندو سکنہ پاک ٹاؤن الہ آباد گرفتار ہوئے ۔دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ وہ ڈکیتی کی واردات کر کے فرار ہو رہے تھے کہ مقتول فیاض نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر اُسے فائر مار کر قتل کیا۔ مورخہ 28فروری کے مقدمہ میںملزمان خلیل احمد سکنہ محلہ احمد پورہ گوجرانوالہ، محمد ارشاد عرف بادشاہ ، غلام مصطفی عرف بلی ساکنان گوندلانوالہ گرفتار ہوئے، دوران تفتیش مقتولہ کے خاوند ملزم خلیل نے بتایا کہ اُس نے اپنے دوستوں محمد ارشاد، غلام مصطفی کے ذریعے اپنی بیوی کو قتل کروایا اور قتل کو چھپانے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔ملزمان کے قبضہ سے مال مسروقہ 58ہزار روپے نقد، 2عدد طلائی چوڑیاں ،8عدد آرٹیفیشل چوڑیاں ، 2عدد کڑے ،2عدد موبائل ،1عدد موٹر سائیکل ، 4عدد پسٹل 30بور اور ایک عدد چھری آلہ قتل برآمد کیے۔ ملزمان کی گرفتاری پر علاقے کے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا اور پولیس کی اس کارکردگی کو سراہا ۔سٹی پولیس آفیسرمحمد احسان طفیل نے ایس ایچ او تھانہ صدر وزیر آباد انسپکٹر فیاض احمد اور اُن کی ٹیم کو 5/5ہزار روپے نقدانعام او رتعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔