Home » Gujranwala » حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ (بیورورپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا کو جدید سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ پریس کلب میں جدید کمپیوٹرز سے مزین آئی ٹی لیب کے افتتاح کے موقع پر پریس کلب کے عہدیداران سے دوران گفتگو کیا ۔اس موقع پر ایم پی اے طاہر محمود ہندلی ایڈووکیٹ،چیئرمین پریس کلب ہمایوں اقبال ملک،جنرل سیکرٹری شمس جاوید اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انفا رمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت سے انکار نا ممکن ہے اور خبروں کے حصول اور ترسیل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ریاست کے اس چوتھے ستون سے وابستہ افراد کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے الیکٹرونک میڈیا ایسو سی ایشن سیالکوٹ کے نومنتخب عہدیداران صدر خواجہ ریحان نسیم، نائب صدر عمیر اشرف ، جنرل سیکرٹری شہزاد احمد و دیگر سے حلف لیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ عہدے اور وزارتیں آنی جانی چیزیں ہیں ہمیشہ رہنے والی حکومت صرف اللہ کی ہے اور اللہ ہی نے مجھے اپنے شہر کے عوام اور صحافیوں کی خدمت کا فریضہ سونپا ہے اور جب تک اللہ کا حکم ہے میراخدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شب سیالکوٹ پریس کلب میں صحافیوں سے دوران خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری وجہ سے میرے شہر کے لوگوں کی بھلائی کے لیے کچھ ہو سکے میری تسکین کے لیے یہی کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ2001میں انہوں نے ضلع کونسل کا الیکشن لڑ کر عملی سیاست کا آغاز کیا تو مقامی صحافی برادری نے بھر پور تعاون کیا اور تعریف کے ساتھ ساتھ مثبت تنقید بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اس دور کے پر یس کلب کو دیکھا تو یہ خواہش پیدا ہوئی کہ لاہور پریس کلب کی طرح سیالکوٹ پر یس کلب بھی ترقی کرے اور پھلے پھولے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پریس کلب دیکھ کر میری اس دیرینہ خواہش اور خواب کی تکمیل ہوگئی ہے اور پریس کلب کی خستہ حال عمارت جدید عمارت میں ڈھل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات جمہوریت کا حسن ہوتے ہیں تاہم آگے بڑھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ باہمی اختلافات کو مل بیٹھ پر محبت سے دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی آپس میں لڑتے رہے تو سیاست دانوں اور دیگر اداروں کا احتساب کون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پریس کلب کو ملک کے دیگر پر یس کلب کے لیے ایک مثال قائم کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ اقبال کا شہر ہے لیکن افسوس کہ ہم نے اقبال کو بھولتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ ہم سے زیادہ اغیار اقبال کے قدردان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیالکوٹ پریس کلب میں اقبال لائبریری کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو شاعر مشرق سے روشناس کرا سکیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ پریس کلب کی ویب سائٹ کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر چیئر مین پریس کلب ہمایوں اقبال ملک نے انہیں پر یس کلب کی ااعزازی رکنیت بھی دی۔