Home » Gujranwala » تحریک انصاف نے عوامی طرز سیاست کو فروغ دیا ہے،ہاشم زاہد

تحریک انصاف نے عوامی طرز سیاست کو فروغ دیا ہے،ہاشم زاہد

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف گوجرانوالہ کے سٹی نائب صدرہاشم زاہد بٹ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے عوامی طرز سیاست کو فروغ دیا ہے اور تحریک عوام کے حقوق کے تحفظ، قانون و آئین کی بالادستی اور بدعنوانی کے خاتمہ کی جدوجہد کرتی رہے گی۔ نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں محنت کش، کسان اورنوجوان طبقہ کاکردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن)ایک دوسرے کے مفادات کو تحفظ دیتی ہے اور مصنوعی محاذ آرائی کا تاثر پیدا کرکے عوام کو جھانسہ دیتی ہیں۔ مگر باشعور ان جماعتوں کی سیاست کو اچھی طرح جان گئے ہیں۔ اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کی مقبولیت کے باعث آئندہ انتخابات میں بھی یہ جماعتیں فرسودہ نظام کو بچانے کے لیے اکٹھی ہوجائیں گے۔ ہاشم زاہد بٹ نے کہا کہ کرپشن اس ملک کا سب سے بڑامسئلہ بن چکاہے۔ مرکز اور صوبہ میں نمائشی سکیموں پر اربوں روپے ضائع کر دئیے گئے ہیں اور نمائشی اقدامات سے چندلوگوں کے مفادات کا تحفظ توکر دیا گیا ہے مگر عوام بہت سی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں اور عام آدمی کے لیے جسم اور روح کا رشتہ برقرار رکھنا بھی ایک کٹھن مسئلہ بن چکا ہے ۔