Home » Business » ملک میں کپاس کی ریکارڈ پیداوار

ملک میں کپاس کی ریکارڈ پیداوار

پاکستان میں کپاس کی پیداوار کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہونے والے کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار کے سیزن کے حتمی پیداواری اعداد و شمار کے مطابق 30 اپریل تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 48 لاکھ سے زائد بیلز کے برابر پھٹی پہنچی جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریبا 27 فیصد زائد ہے۔پنجاب بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 1 کروڑ 21 لاکھ سے زائد بیلز کے برابر پھٹی پہنچی ہے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 54 فیصد زائد ہیں جبکہ سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں تقریبا 27 لاکھ بیلز کے برابر پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی ہے جو کہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں29 فیصد کم ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 30 اپریل تک ٹیکسٹائل ملز نے جننگ فیکٹریوں سے 1 کروڑ 34 لاکھ سے زائد بیلز خریدی ہیں جبکہ 11 لاکھ بیلز بیرون ملک برآمد کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مذکورہ تاریخ تک جننگ فیکٹریوں میں 2 لاکھ 77 ہزار بیلزقابل فروخت پڑی ہوئی ہیں جو پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 57 ہزار بیلز زائد ہیں۔