Home » Gujranwala » کرپٹ مافیا دو نمبر کا مال ہضم کرنے کے لیے چیف جسٹس کے خلاف سرگرم ہوگیا،غلام دستگیر

کرپٹ مافیا دو نمبر کا مال ہضم کرنے کے لیے چیف جسٹس کے خلاف سرگرم ہوگیا،غلام دستگیر

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما، سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا دو نمبر کا مال ہضم کرنے کے لیے چیف جسٹس کے خلاف سرگرم ہوگیا، آصف زرداری‘چیف جسٹس کے خلاف سازش کرکے ملک کے ساتھ ظلم کررہے ہیں، ملک ریاض زرداری کے آلۂ کار ہیں، ان خیالات کااظہار اُنھوں نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈے جسٹس افتخار چوہدری کو آئین و قانون کی پاسداری اور عدل و انصاف کے راستے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے، زرداری اور ان کے حواری پرویز مشرف سے بھی بد تر انجام سے دوچار ہونے والے ہیں، عدلیہ کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلنے والوں کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس نے اپنے بیٹے کے کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے خود کو بینچ سے الگ کرلیا ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ وہ حضرت عمرفاروقؓ کے نقش قدم پر چلنے کی سعی کررہے ہیں، انشاء اللہ افتخار محمد چوہدری سرخرو ہوں گے اور لوٹ مار کے مال کا حساب مانگنے پر سیخ پا ہونے والے حکمران رسوا ہوجائیں گے۔