Home » Gujranwala » ان شاء اللہ ملک میں تبدیلی آ کر رہے گی،ابرار الحق

ان شاء اللہ ملک میں تبدیلی آ کر رہے گی،ابرار الحق

گوجرانوالہ (جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی صدر ابرار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کے تحفظ ، انصاف کی فراہمی اور ایک خوشحال پرامن معاشرہ کے لیے نوجوان نسل میدان عمل میں آ چکی ہے۔ یہ ملک محض چند لوگوں کی جاگیر نہیں بلکہ اس ملک کے اصل وارث اٹھارہ کروڑ عوام ہیں۔ ان شاء اللہ ملک میں تبدیلی آ کر رہے گی اورہر شخص کو صلاحیتوں کے مطابق ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے ضلعی آفس واقع سوئی گیس روڈ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی راہنما رانا نعیم الرحمن خاں نے ابرار الحق کو رکنیت سازی مہم اور دیگر امور سے آگاہ کیا اور کہا ہے کہ کارکنوں کی جدوجہد ، محنت ان شاء اللہ رنگ لائے گی۔ ضلع گوجرانوالہ میں رکنیت سازی مہم کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا اور نوجوان کارکن استحصالی نظام کے خلاف ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر عثمان سعید بسراء، یاسر گل، حافظ بدر زمان چیمہ بشیر کرکٹر، ڈاکٹر زاہد امین، لیاقت پاکستانی ، رانا نبیل اور دیگر کارکن بھی موجود تھے۔ ابرار الحق نے کہا کہ قوم نے جس جذبہ سے عمران خان کے انقلابی پروگرام پر لبیک کہا ہے یہ جذبہ ملک کو ایک مثبت سمت میں لانے کا باعث بنے گا اور اقوام عالم میں پاکستان کے وقار اور مقام میں اضافہ ہو گا۔