Home » Gujranwala » سروسز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 3کمسن بچے جھلس کر ہلاک

سروسز ہسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 3کمسن بچے جھلس کر ہلاک

لاہور(بیورورپورٹ)صوبائی دارالحکومت میں واقع سروسز ہسپتال کے نرسری وارڈ میںشارٹ سرکٹ سے آتشزدگی کے نتیجے میں 3کمسن بچے جھلس کر ہلاک جبکہ 12بچے زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ایمر جنسی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا گیا ‘ بچوں کو بچانے کی کوشش میں تین سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گئے‘ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ‘ ریسکیو 1122سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ‘ آگ لگنے کے باعث پوری وارڈ میں دھواں بھر گیا اور امدادی ٹیموں نے شیشے توڑ کر بچوںکو باہر نکالا ‘وارڈ میں موجود بچوں کے والدین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ‘ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سروسز ہسپتال کے بچہ وارڈ میں مبینہ طور پر شارٹ کٹ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وارڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا او رہر طرف دھواں ہی دھواں بھر گیا ۔ ذرائع کے مطابق نرسری وارڈ میں نومولود بچوں کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جاتا ہے اور جب یہ حادثہ پیش آیا تو اس وقت وارڈ میں 20سے زائد بچے موجود تھے ۔ ریسکیو اہلکاروںکے مطابق حادثے میں 3جھلس کر جان بحق جبکہ 12زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے ایمر جنسی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ بچوں کو بچانے کی کوشش میں ہسپتال میں تعینات تین سکیورٹی اہلکاروںنے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر وارڈ کے اندرونی حصے کی طرف دوڑیں لگا دی جس سے وہ زخمی بھی ہو گئے ۔وارڈ میں موجود بچوںکے والدین نے دھاڑیں مار مار کر رونا شروع کر دیا جبکہ میڈیا میں یہ خبر آنے کے بعد ان بچوں کے عزیز و اقارب بھی وہاں پہنچ گئے جسکی وجہ سے ہسپتال میں انتہائی رش ہو گیا ۔ڈی سی او لاہور نور الامین مینگل بھی ہسپتال پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائز لیا جبکہ ڈی سی او نے تین بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین وزیر اعلیٰ مانیٹرنگ ٹیم کو تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔