Home » Gujranwala » قوم کو اندھیروں سے نکال کر ایک روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھیں گے، پیر محمد گلزار

قوم کو اندھیروں سے نکال کر ایک روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھیں گے، پیر محمد گلزار

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) قوم کو اندھیروں سے نکال کر ایک روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ پاکستان سے کرپشن، مہنگائی ، بیروزگاری اور موجودہ سیاسی مافیہ کے خاتمہ کا وقت آپہنچا ہے۔ عمران خان قول و فعل کا سچا آدمی ہے قوم کی ڈوبتی کشتی کو پار لگائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کیلئے فضا سازگار کر دی ہے قوم ظالم حکمرانوں اور کرپٹ سیاستدانوں سے نجات کیلئے اجتماعی طور پر توبہ کرے۔ان خیالات کا اظہار رتہ روڈ پر پاکستان تحریکِ انصاف کے پی پی 94 کے دفتر میںروحانی شخصیت پیر محمد گلزار صابری ،حلقہ این اے 96 کے اُمیدوار اور رُکن پاکستان تحریکِ انصاف ریجنل سٹیرنگ کمیٹی ایس اے حمید اور سید انیس الحسنین راہنما تحریکِ انصاف نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قوم موجودہ بر سرِ اقتدار سیاسی مافیا کو پہچانے اور اِنکو بار بار موقع دینے کی بجائے ہمیشہ کیلئے رد کردے ۔ عمران خان نے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے زریعے غریب اور نادارلوگوںکی صحت اور تعلیم کے میدان میں جو قابلِ قدر خدمات پیش کی ہیں ان کی مثال ملنا مشکل ہے ۔ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے ۔ بجلی، گیس کا بحران اورمہنگائی میں اضافہ نے عوام کے مُنہ سے نوالہ چھین لیا ہے ۔ تمام حکومتی اتحاداور نام نہاد اپوزیشن کے راہنما مال کھانے میں مصروف ہیں اور ملک کی آدھی آبادی 5,6 ہزار روپے سے کم کما رہی ہے اور اِنکی زندگی اجیرن ہو چکی ہے اور لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ ایس اے حمید نے کہا کہ عوام کی اُمیدوں کا مرکز اب صرف تحریکِ انصاف ہے عمران خان ہی ملک کو تمام بحرانوں سے نکالیں گے کیونکہ اُنکا ماضی اس بات کا شاہد ہے کہ اس نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔