Home » Gujranwala » عدلیہ پر شب خون مارنے یا دباؤ ڈالنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، فرقان عزیز بٹ

عدلیہ پر شب خون مارنے یا دباؤ ڈالنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، فرقان عزیز بٹ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)صدرنیشنل لیبر فیڈریشن ضلع گوجرانوالہ محمد فرقان عزیز بٹ نے کہاہے کہ عدلیہ پر شب خون مارنے یا دباؤ ڈالنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں،پاکستان کے عوام باشعور اور اچھے برے کی پہچان رکھتے ہیں۔نیشنل لیبر فیڈریشن آزاد عدلیہ کے خلاف کے ہونے والی سازشوں کو ناکام بنادے گی۔پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی عدلیہ کے خلاف متحد ہوچکے ہیں۔چیف جسٹس کو بدنام کرکے عدلیہ کو بے توقیر کرنے کی مکروہ سازش کی جارہی ہے اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عدلیہ کو کمزور کیا جارہا ہے ،چیف جسٹس اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اپنے فیصلوں پر عمل کروائیں۔عدالتی نظام کو برقرار اور باوقار رہنا اور اس کے خلاف سازشوں کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ ملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن ضلع گوجرانوالہ کے زیر اہتمام چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے حق میں اور حکومت مخالف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محمد ذیشان بٹ ،محمد کاشف مہر اور رانا حسنین خا لد بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہقوم عدلیہ کے ساتھ ہے اور آئینی اداروں کو تباہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ حکومت انتظامی اداروں کی تباہی کے بعد اب آئینی اداروں کو ملیامیٹ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔حکمران پاکستان کوسرزمین بے آئین بنانے پر تلے ہوئے ہیں جس میں جنگل کا قانون ہو اور کوئی ان کی لوٹ مار اور ملکی سلامتی و خود مختاری کے خلاف اقدامات کے راستے کی رکاوٹ نہ رہے ۔ میمو سکینڈل سے زرداری حکومت کے کرتوت سب کے سامنے آ گئے ہیں اور ثابت ہو گیاہے کہ امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر ریاست کی بجائے امریکی انتظامیہ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے میں لگے رہے اور ذاتی و امریکی مفادات پر قومی مفادات کو قربان کیا ۔