Home » Gujranwala » گوجرانوا لہ ریجن کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے شہریوں کا تعاون نا گزیر ہے ،ریجنل پولیس آفیسر

گوجرانوا لہ ریجن کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے شہریوں کا تعاون نا گزیر ہے ،ریجنل پولیس آفیسر

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسرکیپٹن(ر)محمد امین وینس نے کہا کہ گوجرانوا لہ ریجن کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے شہریوں کا تعاون نا گزیر ہے ۔ عوام کی شکایات کے ازالہ کے لئے ریجن پولیس آفس میں قائم شکایات سیل کو مزید فعال کر دیا گیا ہے جہاں عوام الناس اپنی جائز شکایات کے ازالہ اور داد رسی کیلئے بلا جھجک آ سکتے ہیں اور ان سے بالمشافہ مل بھی سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سیل میں پڑھا لکھا ، محنتی اور تجربہ کار سٹاف تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ممکن ہے۔ جب تک شہری پولیس کے شانہ بشانہ اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی میں پولیس کے ممدو معاون نہیں ہوتے تب تک پولیس اپنی ورکنگ میں فیل ہے۔ کمیونٹی کا فرض ہے کہ وہ اپنے گردونواح ہونے والے جرائم ، سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر پرکڑی نظر رکھیں ۔اس کے ساتھ ساتھ پولیس کے نظام کی کوتاہیوں اور خرابیوں بارے اطلاع دے کر اپنے قومی اور ملی فرض سے عہدہ بر آ ہوں ۔اگر کوئی پولیس آفیسر موقعہ واردات پر بروقت نہ پہنچے،شہریوں سے بد اخلاق رویہ رکھے اور کار سرکار کی ادائیگی میں لیت و لعل سے کام لے تو فوراً ان کے نوٹس میں لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی معاشرہ میں امن قائم ہو سکتا ہے شہریوں کو چاہیے کہ وہ امن و امان کی بحالی کے سلسلہ میںپولیس سے تعاون کریں۔ کسی بھی جائزشکایت کے ازالہ اور سنگین یا حساس نوعیت کے معاملات کی اطلاع فون نمبرز 0559200604-699 پر نوٹ کرواکر محب وطن ہونے کا ثبوت دیں ۔ ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا کہ عوام کی اطلاع پرنہ صرف بروقت کاروائی ہوگی بلکہ اطلاع دینے والے کا نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔