لائیو سٹاک ، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، ڈی سی او گوجرانوالہ
- Gujranwala on July 14, 2012 in
- |
- by admin
گوجر انوالہ(سٹی رپورٹر) لائیو سٹاک کے شعبے میں جدید ٹیکنا لوجی سے استفادہ کر کے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے اس ضمن میں حکومت کسانوں کی جدید ٹیکنا لوجی تک رسائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے۔ ان خیالات کا ا ظہار ڈی سی او گوجرانوالہ محمد امین چودھری نے محکمہ لائیوسٹاک کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ڈیری ڈویلپمنٹ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں ای ڈی او زراعت گوجر انوالہ ڈاکٹرشاہ محمد علوی‘ ڈی او لائیو سٹاک شوکت محمو دگوندل‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز و دیگر متعلقہ افسران‘ وٹر نری ڈاکٹرزو فارمرز نے شر کت کی۔ڈی سی او محمد امین چودھری نے کہا کہ کسان اچھی اور اعلی نسل کے جانور پال کر دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ سے ملکی ضروریات پوری کرنے کے قابل ہو سکتے ہیںا س کے لئے کسانوں اور فارمرز کو آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ وٹر نری و فیلڈ آفیسرز اپنے اپنے علاقوں میں جدید طریقہ نسل کشی او رپولٹری فارمنگ مینجمنٹ جیسی اہم معلومات فراہم کریں۔ انہو ںنے کہا کہ اگرایک منظم پالیسی کے تحت آگے بڑھیں تو یقیناً خود مختار او خوشحال پاکستان کی منزل کو پا سکتے ہیں۔اجلاس میں ڈی او لائیوسٹاک شوکت محمود گوندل نے بتایاکہ 2 ہزار سے زائد ڈیری اور و ٹرنری فارمز رجسٹرڈ کئے جا چکے ہیں باقی فارمز پر بھی کام بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ فارمرز کو بائیو گیس اور گرائینڈرمکسر سے استفادہ حاصل کرنے اور مزید معلومات و تعلیم دی جا رہی ہے۔ انہو ںنے بتایاکہ اب تک 31 گرائینڈر مکسر لگائے جا چکے ہیں اس پراجیکٹ پر کام مزید آگے بڑھانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ڈی سی نے کہا کہ افسران و فارمرز کی تجاویز کو زیر غور لا یا جائے گا او ر ان کی مثبت تجاویز پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ڈیری ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہو ئے سراہاگیا ڈی سی او نے مزید کہا کہ وزیراعلی کے وژن کے مطابق اس میں مزید تیزی لائی جائے۔