Home » Gujranwala » مسلم لیگ(ن) نے دو روزہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کرکے معیاری تفریح کو فروغ دیاہے،بیگم کمشنر

مسلم لیگ(ن) نے دو روزہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کرکے معیاری تفریح کو فروغ دیاہے،بیگم کمشنر

گوجر انوالہ(سٹی رپورٹر)صحت مندانہ سرگرمیوں کافروغ نوجوان نسل میں مثبت رحجان اورمقابلے کی فضا کو پروان چڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرتاہے۔ مسلم لیگ(ن) نے دو روزہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کرکے معیاری تفریح کو فروغ دیاہے۔ ان خیالات کا اظہار بیگم کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور مسز صائمہ کامران مائیکل نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے زیراہتمام منعقدہ دو روزہ مینگو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایم پی اے وپارلیمانی سیکرٹری میڈم شازیہ اشفاق مٹو‘ سٹی جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ مسلم لیگ (ن) مسز رومینہ سہیل‘ نائب صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ طوبی اشفاق‘ ای ٹی او افتخار احمد بھلی‘ قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول کی ہیڈمس ناہید اختر‘ محمد اشفاق مٹو‘ ڈاکٹر لبنی آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو‘ لیڈی وکلائ‘ روشنی اور چلڈرن ہومزکے بچے ‘ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچے شریک تھے اس کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور عوام نے فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی۔بیگم کمشنر نے کہا کہ ایسی مثبت غیر نصابی سرگرمیاں نوجوانوں میںذہنی و جسمانی نشونما کا ذریعہ ہوتی ہیں اس لئے نوجوانوں میں جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم و ہنر کے ساتھ ساتھ اس طرح کی سرگرمیوں کا فروغ ضروری ہے اس سے آگے بڑھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ بیگم صائمہ کامران مائیکل نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ نے بہت اچھے مینگو فیسٹیول کاانعقاد کرکے معیاری تفریح کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور اور راولپنڈی میں بھی مختلف فیسٹیولز دیکھے لیکن اس طرح کا جوش و خروش نہیں پایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتر ملکی حالات اور دہشت گردی کے واقعات کی خبریں عوام اور بچوں کے ذہن پر نقش ہیں مسلم لیگ (ن) نے اس خوبصورت فیسٹیول کو سجا کر خصوصاً چائلڈ پروٹیکشن کے بچوں کو معیاری تفریح فراہم کرکے اچھا قدم اٹھایاہے۔ایم پی اے وپارلیمانی سیکرٹری میڈم شازیہ اشفاق مٹو نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کے زیرہتمام شاندارسمر میلہ کی کامیابی کے بعد عوام کے پر زور اصرارپر دو روزہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود اہالیان گوجرانوالہ کا جوش وخر وش دیدنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا فیسٹیول میں بڑھتا ہوا رحجان اس امر کاغماز ہے کہ وہ مثبت اورمعیاری تفریح کا فروغ چاہتے ہیں۔ میڈیم شازیہ اشفاق مٹو نے کہا کہ خادم اعلی پنجاب کامقصد عام لوگوں کو سستی اور معیاری تفریح فراہم کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو‘ چلڈرن ہوم اورروشنی ہومز کے بچوں کو خصوصی طور پر مدعو کیاگیا تاکہ انہیں مثبت اور معیاری تفریح فراہم کرکے خوشیوں میں شامل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تفریح کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کی سٹی جنرل سیکرٹری مسز رومینہ سہیل اور نائب صدر طوبی اشفاق کے علاوہ د یگر پڑھی لکھی بچیاں حقیقی انقلاب لاناچاہتی ہیں اور انکی انتھک کاوشوں اور جدوجہد کے نتیجہ میں حقیقی تبدیلی لائی جائے گی۔ فیسٹیول میں مینگو فوڈ‘ مینگو بیکری‘ مینگو شیکس‘ پینٹ بال‘ فیس پٹنگ‘ بچوں کے لئے مینگو پیسٹ شو‘ مینگو میجک شو‘ میوزیکل شواورمینگو میک اپ کے علاوہ دیگرمختلف پروگرام تشکیل دئیے گئے اور مختلف سٹالز بھی لگائے گئے جس میںانہو ںنے خصوصی دلچسپی لی اور خوب لطف اندوز ہوئے۔