ملالہ کا علاج برمنگھم کے نیوکوئن ایلزبتھ اسپتال میں کیا جائے گا
راولپنڈی:دہشت گردی کا شکار ملالہ ایئرایمبولنس آج شام تک برمنگھم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی، ملالہ کو برمنگھم کے نیو کوئن ایلزبتھ اسپتال منتقل کیا جائے گا ،جہاں اس کا علاج کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے اسپتال میں خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔اس سے قبل ملالہ کو بیرون ملک لے جانے کیلئے ایئرایمبولینس ، گزشتہ رات گئے ، اسلام آباد پہنچی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملالہ کو صبح ، علاج کی خاطر بیرون ملک بھجوادیا گیا، اِس سے پہلے آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہاکہ ملک میں ملالہ کے علاج کا انتہائی مرحلہ ، عالمی طبی معیار کے مطابق انجام دیا گیا، اے ایف آئی سی میں ہونے والا علاج، ملالہ کی طبیعت سنبھلنے میں معاون ثابت ہوا تھا، عالمی طبی ماہرین کے مطابق پشاور میں ملالہ کی نیوروسرجری عین درست تھی جس سے اس اس کی زندگی بھی بچی ، ملالہ کے ہمراہ اے ایف آئی سی کا انتہائی نگہداشت کا اسپیشلسٹ بھی ، ایئرایمبولینس پر گیا ہے۔ملالہ یوسف زئی پر نو اکتوبر کی دوپہر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ساتھی طالبات کے ہمراہ ویگن پر معمول کے مطابق اسکول سے واپس گھر جارہی تھی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ملالہ اور اس کی دو ساتھی طالبات ، کائنات اور شازیہ زخمی ہوئیں، فوری ابتدائی علاج کی خاطر مقامی اسپتال میں داخل کرنے کے بعد ملالہ کو اسی روز ، سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا، وہاں سے گیارہ اکتوبر کو اسے راول پنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں منتقل کیا گیا، ملالہ کے علاج کی خاطر انتہائی تجربہ کار ملکی ڈاکٹرز کے ساتھ دو غیرملکی ڈاکٹرز بھی مصروف رہے، ملک میں علاج کے دوران اس کے سر کے عقبی حصے میں کندھے کے قریب سے گولی نکالی گئی جبکہ دماغ پر آئی سوجن کم کرنے کی خاطر مائنر سرجری بھی ہوئی، ملالہ کو مستقل طور پر وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملالہ یوسف زئی اور دیگر دونوں زخمی بچیوں کا سرکاری خرچ پر علاج کئے جانے کا اعلان کیا تھا، اے ایف آئی سی میں علاج کے دوران ملالہ کو بیرون ملک منتقل کرنے کی خاطر اس کی صحت کی مسلسل نگرانی بھی کی جاتی رہی تھی۔