Home » Gujranwala » نواز شریف اور شہباز شریف قوم کی امنگوں کے محور ہیں،مسز رومینہ سہیل

نواز شریف اور شہباز شریف قوم کی امنگوں کے محور ہیں،مسز رومینہ سہیل

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) سٹی جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ گوجرانوالہ مسز رومینہ سہیل نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف قوم کی امنگوں کے محور ہیں‘ ملکی ترقی وخوشحالی کے لئے حلقہ پی پی 92 کے عوام مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دے کر نواز چوہان کو کامیاب بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے حلقہ پی پی 92 میں ایک انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مسز رومینہ سہیل نے کہاکہ حکمران ٹولہ ملک وقوم کی سلامتی داؤ پر لگائے ہوئے ہے۔ معاشی طور پر روز بروز ابتر ہوتی صورتحال حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بے حال ہیں اور حکمران بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ محض نئے نوٹ چھاپ کر اور قرضوں پر نظام حکومت چلایا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے عوام مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں کیونکہ میاں نوازشریف ہی واحد لیڈر ہیں جو دوبارہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کی کارکن خواتین مسلم لیگ (ن) کے متفقہ امیدوار نواز چوہان کی کامیابی کے لئے ہرممکن کوششیں کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ ساڑھے چار سال عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والوں کے احتساب کاوقت آ گیاہے ملک لوٹ کر کنگال کرنے والے سترہ نومبر کو شدید عوامی نفرت کا نشانہ بنیں گے اور محب وطن شہری برادریوں سے بالاتر ہو کر ملک کو بچانے کے لئے لیگی امیدوار کواپنا قیمتی ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ناظم عاصم انیس کا نواز چوہان کے حق میں دستبردار ہونا خوش آئند اقدام ہے مقامی راہنماؤں اور نظریاتی مسلم لیگی کارکنوں نے اسے اہم کامیابی قرار دیاہے اس اقدام سے باہمی رنجش دور ہوگئی اور فتح کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔