Home » Gujranwala » ملالہ یوسفزئی قوم کی ہونہار بیٹی ہے، مس صوفیہ اسحاق

ملالہ یوسفزئی قوم کی ہونہار بیٹی ہے، مس صوفیہ اسحاق

سیالکوٹ(بیورورپورٹ)ملالہ یوسفزئی قوم کی ہونہار بیٹی ہے جس نے ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے بیش قیمت قربانی پیش کی ‘ ملالہ کی جرات اورخدمات ناقابل فراموش ہیںجس کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل دی سٹی سکول گرلز کیمپس سیالکوٹ مس صوفیہ اسحاق نے ملالہ یوسفزئی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معززین شہر کے علاوہ بڑی تعداد میں طالبات موجود تھیں۔ مس صوفیہ اسحاق نے کہاکہ ملالہ نے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے نوعمری میں جدوجہد کی اور سخت مشکلات اور خطرات کے باوجود ہمت نہیں ہاری ۔ انہوں نے کہاکہ ملالہ نے مایوسیوں اور ناامیدیوں کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملالہ کی طرح نوجوان نسل حصول تعلیم کو ہی اپنا متمع نظررکھے کیونکہ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔اس موقع پر سکول کی طالبات نے ملالہ پر ہونے والے حملے پر ایک ٹیبلو پیش کیا ۔ طالبا ت نے ملالہ کی صحت یابی کیلئے دعا کی اور اس کی یاد میں شمعیں روشن کیں ۔بعد ازاں طالبات نے امن واک کی شرکاء واک نے ہاتھوں میں ملالہ کی تصاویر اور اس کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تحریروالے کتبے اور بینررز اٹھا رکھے تھے ۔ شرکاے تقریب نے طالبات کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے جذبہ کو سراہا اور ملالہ کو ان کیلئے مینارئہ نورقرار دیا۔