Home » Gujranwala » تحریک انصاف ملک کے طول وعرض میں یکساں مقبول ہے، بیرسٹر علی اشرف

تحریک انصاف ملک کے طول وعرض میں یکساں مقبول ہے، بیرسٹر علی اشرف

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف گوجرانوالہ این اے 96 کے راہنما بیرسٹر علی اشرف مغل نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کی ہرحال میں مخالفت کا اعلان کرکے عمران خان نے جرات مندانہ موقف اختیارکیاہے اورملک کی باقی پارٹیوں کے سربراہوں کو بھی امریکی خوشنودی کی بجائے قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے قبائلی علاقوں میں مذاکرات کے ذریعہ امن بحال کرنے کیلئے کرداراداکرناچاہئے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے پی ٹی آئی آفس میں پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں فیاض کھوکھر، پرویز، بلال کھوکھر، اکرم کمبوہ، چاند، اکبر، جاوید ، عاطف اور ذیشان علی شامل تھے۔انہوںنے کہا کہ شہری علاقوں میں فوجی آپریشن کے نتائج ہمیشہ خطرناک ہوتے ہیں اورماضی کے تلخ تجربات کے بعد حکومت اورفوج کو اس ضمن میں قومی مفادات کو سامنے رکھنا ہوگا۔بیرسٹر علی اشرف مغل نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ملک کے طول وعرض میں یکساں مقبول ہے اورآئندہ عام انتخابات میں یہ تمام سیاسی جماعتوں کو سرپرائز دے گی کیونکہ خیبرسے کراچی تک شہری ودیہی علاقوں میں لوگ عمران خان کی قیادت میں متحدہوچکے ہیں۔ بیرسٹر علی اشرف مغل نے کہاکہ تمام تر منفی پراپیگنڈا کے باوجود تحریک انصاف پھل پھول رہی ہے اورجو لوگ اسے شہری علاقوںکی پارٹی کہتے ہیں انہیں عام انتخابات میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان بھرمیں ماہرین اورٹیکنوکریٹس کی جو ٹیم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کو میسرہے وہ کسی دوسری پارٹی کے پاس نہیں اوریہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی برسراقتدارآکرتین ماہ کے اندر ملک کرپشن ختم کرکے ایسی پالیسیاں تشکیل دے گی جس سے ملک خوشحالی اوراستحکام کی طرف گامزن ہوگا۔