Home » Gujranwala » اتحادی حکمرانوں نے بہت لوٹ مارکرلی اب بس کردیں۔زیب جعفر

اتحادی حکمرانوں نے بہت لوٹ مارکرلی اب بس کردیں۔زیب جعفر

گوجرانوالہ ( سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی وممبر پنجاب اسمبلی زیب جعفر نے کہا ہے کہ ہم کرپشن کیخلاف آوازبلندکرتے ہیں جس پر اقتدارکے ایوانوں میں صف ماتم کیوں بچھ جاتی ہے۔اتحادی حکمرانوں نے بہت لوٹ مارکرلی خدارا اب بس کردیں کیونکہ عوام نے احتساب کانقارہ بجادیاہے۔اب عوام پاکستان سے کسی قومی مجرم کو بیرون ملک فرارہونے کاراستہ دیں گے اورنہ کوئی نیااین آراو آئے گا۔بدعنوان حکمران جمہوری قوتوں کومرعوب نہیں کرسکتے ،ان کیخلاف تبدیلی کی تحریک ضرور کامیاب ہو گی۔ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی بھرپورپذیرائی نے ایوان صدرمیں ہلچل مچا دی ہے۔ ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے زیب جعفر نے مزید کہا کہ قوم نے نااہل حکمرانوں کیخلاف کب کا عدم اعتماد کردیا،اپوزیشن کو صدریاوزیراعظم کیخلاف کسی تحریک پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ ان کاانجام نوشتہ دیوار ہے ۔چورحکومت کسی قومی بحران پرقابوپانے یاریلوے سمیت پی آئی اے کوبچانے میں سنجیدہ نہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان ریلوے سمیت متعدد وفاقی اداروں کی زبوں حالی کے بعد پی آئی اے کی ابتری میں بھی چورحکمران ملوث ہیں۔اگرعوام نے سڑکوں پرآکر کرپشن کے سونامی کے آگے بند نہ باندھا تویہ ایک کے بعدایک قومی ادارے کواپنے ساتھ بہا لے جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوان حکمرانوں کی ملی بھگت سے معصوم پاکستانی اپنے گھرو ں کے اندرمحفوظ نہیںہیں جبکہ شہرقائدؒاورکوئٹہ کے بعد پاکستان کے دوسرے بڑے شہر بھی غیر محفوظ ہو تے جارہے ہیں۔ بددیانت اوربدنیت حکمران اندرونی چیلنجز اوربیرونی خطرات سے نبردآزمانہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پاکستان کے قومی مفادات اورعوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت نہیں کرسکتی۔