Home » Gujranwala » حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ،شوکت منیر

حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ،شوکت منیر

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں ۔ موجودہ حکومت کا چار سالہ دور اقتدار ناکامیوں ‘مسائل اور لوٹ کھسوٹ سے بھرا پڑا ہے ‘حکمران غریب عوام کے نام پر بیرون ممالک سے قرض لیکر ذاتی عیاشیوں پر خرچ کر رہے ہیں ۔ عام انتخابات مسائل کا واحد حل ہیں ‘قوم آئندہ امریکی غلام حکمرانوں کو مسترد کر دیں۔ان خیالات کا اظہار آل پاکستان مسلم لیگ کے ضلعی صدر چوہدری شوکت منیر نے کنگنی والا بائی پاس پر ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں کے باعث مہنگائی ‘بیروزگاری اور لاقانونیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ۔ امریکہ ‘بھارت اور اسرائیل مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں ان سے خیر کی توقع نہیں ہے ۔ پاکستانی حکومت نے بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دیکر لاکھوں کشمیری شہیدوں کے خون سے غداری کی ہے ۔ بھارت پاکستانی دریاؤں پر ڈیم بنا کر آبی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے ۔ جبکہ ہمارے بزدل حکمران امریکی دباؤ کی وجہ سے خاموش ہیں ۔چوہدری شوکت منیر نے کہا کہ امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے ہزاروں معصوم افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔