Home » News » پاکستان، امریکا، افغانستان کے درمیان سرحد پار حملوں کیخلاف میکنزم طے

پاکستان، امریکا، افغانستان کے درمیان سرحد پار حملوں کیخلاف میکنزم طے

  • Publish on October 23, 2012 in News
  • |
  • by admin

اسلام آباد : پاکستان، امریکا اور افغانستان کے مابین سرحد پار سے ہونے والے حملوں کی روک تھام کا میکنزم طے کر لیا گیا ہے، نورستان اور کنڑ سے ہونے والے حملوں پر جوابی کارروائی کا فیصلہ پاکستانی سینئر فوجی قیادت کرے گی۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سینئر حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ افغانستان سے حملوں پر جوابی کارروائی کا فیصلہ کور ہیڈ کوارٹرز اور کور کمانڈر کی سطح پر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جوابی کارروائی ان مخصوص افغان علاقوں کے خلاف کی جائے گی جہاں سے پاکستانی علاقوں میں در اندازی اور حملے کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور افغانستان سے نورستان اور کنڑ میں پناہ لینے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، پاکستان نے وہاں فضل اللہ کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں پاکستانی اخبارات پر پابندی کا معاملہ سنجیدگی سے افغان حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔