Home » Gujranwala » قیدیوں کے مقدمات کی سماعت تیز کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں ، سیشن جج

قیدیوں کے مقدمات کی سماعت تیز کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں ، سیشن جج

گوجرانوالہ( ایس اے سندھو) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ راجہ اخلاق حسین نے کہا ہے کہ سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں قید انڈرٹرائل قیدیوں کے مقدمات کی سماعت تیز کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ انکے مقدمات کا جلد فیصلہ کیا جاسکے۔یہ بات انہوں نے جیل کے تفصیلی دورہ کے دوران انڈر ٹرائل قیدیوں کی بیرکوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر قیدیوں نے فاضل جج کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ سیشن جج نے قیدیوں کویقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام قانونی جزیات کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے سپرنٹنڈنٹ سیشن کورٹس کو ہدایت کی کہ مسائل کی نشاندہی کرنے والے قیدیوں کا مکمل ریکارڈ انہیں پیش کیا جائے تاکہ تمام معاملات کا جائزہ لیا جاسکے۔اپنے دورے کے دوران فاضل جج نے خواتین قیدیوں کی بیرک کا بھی معائنہ کیا اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔ بعدازاں انہوں نے بچوں کی بیرک کا دورہ بھی کیا اور قیدی بچوں سے ان کے مقدمات اور مشکلات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔جیل کے دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج نے معمولی مقدمات میں ملوث25 قیدیوں کو ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ ان تمام قیدیوںکو فاضل جج کے روبرو پیش کیاگیا۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے جیل کے کچن میں صفائی ستھرائی اور کھانے کا معیار چیک کیا۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ جیل ملک ضیاء الدین کو جیل مینوئل کے مطابق تمام امور اپ ٹوڈیٹ رکھنے اور قیدیوں کو دستیاب سہولتوں میں مزید بہتری لانے کے ہدایت کی۔ اس موقع پر سول جج محمد آصف اور ڈسٹرکٹ بار کے نمائندے منور حسین انصاری ایڈووکیٹ بھی سیشن جج کے ہمراہ تھے۔