Home » News » آئین اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے،نوازشریف

آئین اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے،نوازشریف

  • Publish on November 8, 2012 in News
  • |
  • by admin

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اسی میں ہے کہ ریاست کے تمام ستونوں اور اداروں میں مکمل ہم آہنگی رہے یہ مقصد اسی وقت حاصل ہوسکتا ہے جب آئین اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے اور پاکستان کے مفاد کو ہر دوسری بات پر ترجیح دی جائے۔نوازشریف نے کہا کہ ماضی میں سب سے غلطیاں ہوئی ہیں،ان میں سیاستدان بھی شامل ہیں‘ جج بھی اور جرنیل بھی یہ امر خوش آئند ہے کہ آج ان غلطیوں کا احساس کیا جا رہا ہے اور آئین و قانون کی سربلندی کو تسلیم کیا جارہا ہے، فوج پاکستان کی سلامتی اور دفاع کی علامت ہے بلاشبہ فوج میں رخنہ ڈالنے‘ تقسیم کرنے اور دراڑ ڈالنے کی ہر کوشش مکمل طور پر ملکی مفاد کے منافی ہے۔ عدلیہ آئین اور قانون کی روشنی میں انصاف کی فراہمی کا مقدس فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ وکلا عوام اور میڈیا نے ایک ڈکٹیٹر کا نشانہ بننے والی عدلیہ کی بحالی کے لئے تاریخی جدوجہد کی ہے اور زبردست قربانیاں دی ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ آئین و قانون کی سربلندی کا عزم جناب چیف جسٹس اور آرمی چیف دونوں کی تقاریر کا مرکزی نکتہ ہے جو ہم سب کے لئے اطمینان کا باعث ہے۔ نواز شریف نے امریکی صدر باراک اوباما کوامریکی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اپنی جانب سے اس موقع پر امریکی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ امریکی عوام، صدر باراک اوباما کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کرتے رہیں۔