Home » Gujranwala » انجمن ہلال احمر گجرات ایک رفاعی ادارہ ہے، ڈاکٹر طاہر عقیل

انجمن ہلال احمر گجرات ایک رفاعی ادارہ ہے، ڈاکٹر طاہر عقیل

گجرات (بیورورپورٹ) انجمن ہلال احمر گجرات ایک رفاعی ادارہ ہے جو ہنگامی حالات میں شہریوں کی بھرپور مدد کرتا ہے اور پریشانی اور مصیبت کے وقت اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کر کے لوگوں کے لیے آسانیاں فراہم کرتا ہے ۔ میں انجمن ہلال احمر کا شکر گزار ہوں کہ اس کے کارپردازان نے یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء و طالبات کو رضاکارانہ خدمات سے آگاہی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا ۔ اگر یہ رفاعی ادارہ طلباء و طالبات میں اس آگاہی کے متعلق دلچسپی پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کر لے تو اسے ان طلباء میں سے سینکڑوں ایسے رضا کار مل سکتے ہیں جو مصیبت کے وقت انجمن ہلال احمر کیساتھ مل کر لوگوں کی خدمت کریں گے ۔ میں تمام مہمانان گرامی کا شکر گزار ہوں جو اس تقریب میں شریک ہوئے ‘‘۔ ان خیالات کا اظہار رجسٹرار یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر طاہر عقیل نے انجمن ہلال احمر اور SSC کے اشتراک سے منعقدہ ہنگامی صورتحال سے نبٹنے سے آگاہی کے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس تقریب کا مقصد طلباء و طالبات کو انجمن ہلال احمر اور اس کی سرگرمیوں سے روشناس کروانا تھا ۔ مہمان گرامی جناب شجاع قطب بھٹی DOC گجرات نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی بھلائی اور فلاح کے لیے گردو پیش کے حالات سے آگاہی بہت ضروری ہے ۔ آگاہی اپنے اندر وسیع و عریض معانی کا احاطہ کیے ہوئے ہے ۔ اگر ہمارے وطن عزیز کو کوئی طاقت بچا سکتی ہے تو وہ ہمارا نوجوان طبقہ ہے ۔ جس نے پڑھ لکھ کر آئندہ ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ۔ لیکن تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ باشعور ہونا بھی ضروری ہے ۔ ہر معاملہ میں تحقیق اور آگاہی کی عادت اپنانا چاہئے ۔ ہمیں بحیثیت قوم اس بات سے بخوبی آگاہ ہونا چاہئے کہ ہنگامی صورت حال میں ہمارا رویہ کیسا ہو اور ہم تباہ کن حالات سے کیسے نپٹیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر میاں ماجد نے بتایا کہ انجمن ہلال احمر ایک بین الاقوامی ادارہ ہے اور اس کا مقصد ہنگامی صورتحال مثلاً جنگ، سیلاب، بم دھماکے وغیرہ میں لوگوں کی مدد کرنا ہوتا ہے ۔ یہ لوگوں کی فلاح و بہبود کا کام کرتی ہے اور مختلف اداروں میں جا کر رضا کار تیار کرتی ہے جو ہنگامی صورتحال میں انجمن کے کارکنوں کے ساتھ مل کر عام شہریوں کی مدد کریں ۔ ڈاکٹر عبدالمتین فیصل DMO گجرات نے سلائیڈ شو کی مدد سے طلباء و طالبات کی آگاہی کے لیے انجمن ہلال احمر کے قیام و خدمات پرروشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ انجمن کی شاخیں دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ہلال احمر سات بنیادی اصولوں پر کام کرتی ہے جن کا تعلق انسان دوستی سے ہے ۔ انجمن رضا کارانہ طور پر ہنگامی صورتحال اور مصیبت کے وقت عام لوگوں کی مدد کرتی ہے ۔ تباہ کن حالات سے نپٹنے کے لیے عوام کو تیار کرنا اور انکی مدد کرنا، مختلف طریقوں سے فنڈز اکٹھا کرکے انہیں عوام کی فلاح و بہبودکے لیے خرچ کرنا انجمن کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انجمن کے رضاکار اور کارکن امدادی کاروائیوں میں حصہ لیتے ہیں ۔ ہنگامی صورت حال کا خطرہ کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا بھی انجمن کی حکمت عملی میں شامل ہے ۔ ابتدائی طبی امداد مہیا کرنا اور لوگوں کی ممکنہ حد تک زندگیاں بچانا ہلال احمر کا ایک اہم فریضہ ہے ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض شعبہ بائیو کیمسٹری کی طالبہ صافیہ ضیاء نے سر انجام دیئے ۔ نقاش سعید اور سید محمد یسیٰن نے بالترتیب تلاوت کلام پاک اور نعت رسول ؐ مقبول پیش کیں ۔