Home » Gujranwala » آئین قوموں کی اجتماعی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، خواجہ محمد آصف

آئین قوموں کی اجتماعی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ (بیورورپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے پنجاب حکومت کی جانب سے20لاکھ روپے مالیت کا چیک ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدرشاہد میر ایڈووکیٹ کو دے دیا۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے کمیٹی روم میں ایک سادہ اور پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی سی او سیالکوٹ زاہد سلیم گوندل، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سیالکوٹ ادریس احمد باجوہ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ پرویز اقبال بٹ ، سیکرٹری بار چودھری عامر رضا، سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اخلاق ، رانا عارف اقبال، بنیامین رضوی ، چودھری خالد علی ایڈووکیٹ ، خالد وسیم ایڈووکیٹ اور عظمت اللہ ملک کے علاوہ بڑی تعداد میں وکلاء موجود تھے ۔ خواجہ محمد آصف نے اس موقع پر وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاق اور صوبوں میں قائم جمہوری حکومتیں بغیر فوجی چھتری کے اپنی آئینی مدت پوری کرنے جارہی ہیں اور آئندہ الیکشن کے بعد اقتدار ایک جمہوری حکومت سے دوسری منتخب جمہوری حکومت کو منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کی موجودہ دور میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ایک بہت بڑی کامیابی عدالت عظمیٰ کا مکمل طور پر آزادی سے کام کرنا ہے اور پارلیمنٹ نے بھی آئین میں مثبت ترامیم کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئین قوموں کی اجتماعی سوچ کی عکاسی کرتا ہے اور موجودہ دور میں جو آئینی ترامیم کی گئی ہیں ان پر عملدرآمد بھی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ 5سال جمہوریت کو پروان چڑھانے کا دور تھا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کا ہاتھ فوج کے ہاتھوں میں ہوتا تھا وہ جمہوریت اور حکومت کو جس طرف لے کرجانا چاہتے تھے لے جاتے تھے مگرآزاد عدلیہ نے یہ مائنڈ سیٹ تبدیل کردیا ہے لیکن اب بھی کچھ سیاست دان فوج کی طرف دیکھ رہے ہیں حالانکہ ان کی اس سوچ کو قوم نے ریجیکٹ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وکلاء اور سول سوسائٹی نے عدلیہ کی بحالی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ۔ انہوں نے کہاکہ جتنا عدالت عظمیٰ کی آزادی ضروری تھی اتنا ہی اس آزادی کی حفاظت کی بھی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عدالت عالیہ اپنی آزادی کی حفاظت کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی جج کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد صدر پاکستان یا کسی اور کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اس فیصلے کو تبدیل کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ میرے لئے یہ بات باعث اعزاز ہے کہ پارٹی کی جانب سے میں جوڈیشل کمیشن کا رکن ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے اب تک جتنے بھی وعدے کئے اللہ کے فضل سے اسے حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہوا ہوں۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ شاہد میر ایڈووکیٹ نے کہاکہ گذشتہ سال حکومت پنجاب کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار کو 10لاکھ روپے ، ضلعی حکومت کی جانب سے 5لاکھ روپے ، وکلاء کے چمبرز کے راستوں میں ٹف ٹائیلز کا منصوبے، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے 5کمپیوٹرز اور اب20لاکھ روپے کا عطیہ خواجہ محمد آصف کی ہی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے 20لاکھ روپے کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کو دینے کے وعدہ کی تکمیل پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور خواجہ محمد آصف کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں خواجہ محمد آصف اور ڈی سی او سیالکوٹ زاہد سلیم گوندل نے 20لاکھ روپے چیک صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ شاہد میر ایڈوکیٹ ، سیکرٹری چودھری عامر رضا اور اراکین بار کے حوالے کیا۔ اس موقع پر قبلہ حکیم عبدالحئی ؒصاحب کی وفات پر ان کے درجات کی بلندی کیلئے پیر سید بنیامین رضوی نے خصوصی دعا بھی کروائی۔