Home » Gujranwala » قوموںکی ترقی و عروج میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے، ڈی سی او

قوموںکی ترقی و عروج میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے، ڈی سی او

گوجرانوالہ(ناصر بٹ) ڈی سی او گوجرانوالہ محمد امین چوہدری نے کہا ہے کہ قوموںکی ترقی و عروج میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے استاد کے بغیر معاشرہ ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ضلع کونسل ہال گوجرانوالہ میں ’’پاکستان کی ترقی میں میرا کردار‘‘ کے موضوع پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی میڈم صالحہ سعید‘ ڈی او سی وسیم عباس‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید صلاح الدین‘ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں علی اکبر بھنڈر‘ اسسٹنٹ کمشنر کامونکی سمیرا ظہیر‘ اسسٹنٹ کمشنر صدر صائمہ علی‘ ای ڈی او ایجوکیشن چوہدری شوکت علی کمبوہ‘ ورکس اینڈ سروسز قمر علی زیدی‘ فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ طارق محمود‘ میونسپل سروسز وحید احمد بٹ‘ زراعت شاہ محمود علوی‘ ڈی ایچ اوڈاکٹر مہ جبیں‘ مینجر این سی ایچ ڈی احسان اللہ کمبوہ‘ سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے پرنسپلز‘ مردو خواتین‘ اساتذہ کرام‘ این جی اوز کے نمائندوں محمد اشرف بھٹہ ودیگر نے سیمینار میں شرکت کی۔ڈی سی او محمد امین چوہدری نے کہا کہ اساتذہ اپنے فرائض منصبی محنت‘ لگن‘ دیانتداری اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت ‘ استاد اور علمائے کرام کے بغیر معاشرہ کا چلنا ناممکن ہے۔ تاریخ شاہد ہے کہ جن اقوام نے بھی ترقی کی منازل طے کی ہیںانہوں نے فروغ تعلیم کو اپنا شعار بنایا اور مہذب قومیں اپنے اساتذہ کی عزت وتکریم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ لوگ ہیں کہ جن کی مدد سے معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ قوم کے معماروں کے لئے جو کچھ بھی ممکن ہو سکاکریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج معاشرہ جس نہج پر پہنچ چکا ہے ضرورت اس امرکی ہے کہ اساتذہ اپنے فرائض منصبی صحیح طریقہ سے سرانجام دیں تاکہ آنے والی نسلوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرکے معاشرے کاذمہ داراور فعال شہری بنایا جاسکے۔ سیمینار سے ڈاکٹر ممتاز اعوان‘ ای ڈی او ایجوکیشن چوہدری شوکت علی طاہر‘ای ڈی او ایم ایس وحید احمد بٹ‘ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں علی اکبر بھنڈر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔