Home » Breaking » میٹرو بس پراجیکٹ کا منصوبہ عام اور غریب آدمی کیلئے بنایا جا رہا ہے،شہبازشریف

میٹرو بس پراجیکٹ کا منصوبہ عام اور غریب آدمی کیلئے بنایا جا رہا ہے،شہبازشریف

لاہور (میڈیا ورلڈ لائن +بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران شہریوں کو درپیش وقتی تکلیف بہت جلد مستقل خوشی میں بدلنے والی ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کی ٹرانسپورٹ کی تاریخ میں انقلاب برپا کردے گا‘ عام آدمی کو انتہائی برق رفتار، آرام دہ اور باکفایت جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی‘ پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد میٹرو بس پر سفر کرنے والوں کو چند روز کیلئے مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی‘ عوامی خدمت کا یہ منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچنے والا ہے‘ اس منصوبے سے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں عظیم ثقافتی تبدیلی رونما ہوگی‘ شہریوں کو تکلیف دہ سفری ذرائع سے نجات ملے گی اور وہ تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی بدولت اپنی منزل مقصود پر بروقت پہنچ سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے میٹرو بس پراجیکٹ کے اچانک دورے کے دوران شہریوں اور مزدوروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، اراکین اسمبلی رمضان بھٹی، حافظ میاں محمد نعمان، پراجیکٹ ڈائریکٹر بی آرٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے گجومتہ سے سول سیکرٹریٹ تک منصوبے کے مختلف سیکشنز پر کام پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول کے پراجیکٹ کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔مجھے عوام کی تکالیف کا احساس ہے لیکن اس عظیم الشان منصوبے کی تکمیل کے بعد عارضی مشکلات ختم ہو جائیں گی اور ایسی دیرپا و مستقل راحت ملے گی جس کا حسین احساس عارضی تکالیف کو بھلا دے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کا منصوبہ عام اور غریب آدمی کیلئے بنایا جا رہا ہے کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ قومی وسائل پر اتنا حق غریب کا بھی ہے جتنا امیر کا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں امیر اور غریب کے درمیان تفریق ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ ہمارے اس عملی اقدام کی منہ بولتی تصویر ہے یہی وجہ ہے کہ میٹرو بس کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ کے اندر رکھا جائے گا تاکہ وہ اس جدید سفر ی سہولت سے بخوبی مستفید ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹ اور کلمہ چوک انڈرپاس کے تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظامات کئے جا رہے ہیں جبکہ منصوبے کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران متعلقہ حکام اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ منصوبے پر جلد سے جلد کام مکمل کیا جائے، تعمیراتی کام کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم وقت کے ساتھ جنگ کر رہے ہیں۔ منصوبے میں تاخیر کی کسی قسم کی گنجائش نہیں ہے۔ مختلف کاموں کو ہر صورت مقرر کردہ ٹائم لائن کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میٹرو بس پراجیکٹ کیلئے روایتی سکیورٹی نظام کی جگہ منفرداور جدید آلات سے آراستہ سکیورٹی سسٹم متعارف کرایا جائے جبکہ سٹیشنز کی تعمیر کا کام بھی جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے فیروز پور روڈ پر ڈرین کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کام کے دوران شہریوں کی سہولت کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے میٹرو بس ڈپو کا بھی دورہ کیا اور کنٹریکٹر کو بس ڈپو کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بسوں کی پارکنگ کیلئے جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران کلمہ چوک انڈرپاس پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کلمہ چوک انڈرپاس پراجیکٹ سے سگنل فری سفر کی سہولت میسر آئے گی اور یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے وارڈنز کی تعداد میں اضافہ کیاجائے اور متبادل انتظامات کے ذریعے ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیراعلیٰ کو ڈی جی ایل ڈی اے نے میٹرو بس پراجیکٹ اورکلمہ چوک انڈرپاس منصوبے پر کام کی رفتار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔