Home » News » سی این جی کی قیمتیں، غور کیلئے قومی اسمبلی کی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

سی این جی کی قیمتیں، غور کیلئے قومی اسمبلی کی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

  • Publish on December 3, 2012 in News
  • |
  • by admin

اسلام آباد : جب سے گیس کی قیمت کم مقرر کی گئی، شہریوں کو سی این جی ملنا ہی دشوار ہوگئی۔ کیوں کہ سی این جی مالکان کو کم قیمت منظور نہیں، اسی معاملے پر غور کیلئے قومی اسمبلی کی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔ سی این جی کیلئے رات بھر رلنے والے لاہور کے شہری پھٹ پڑے، رات کی نیند قربان کرکے بھی سی این جی نہ ملے تو یہ غم وغصہ بے جا نہیں، ویسے بھی اب چار دن لاہور میں سی این جی ملنے کا کوئی امکان نہیں، جب سے سی این جی کی قیمتیں کم ہوئیں، خواری ملک بھر میں لوگوں کا مقدر بن گئی ہے، کبھی ناغہ ہوجاتاہے اور کبھی مالکان کا موڈ آف اور ڈھونڈ ڈھانڈ کر کوئی پمپ کھلا مل جائے تو قطار میں لگنے سے پہلے 10 بار سوچنا پڑتا ہے۔ اب تو لوگ انتظار کررہے ہیں کہ جلد نئی قیمتوں کا اعلان ہو تو اس اذیت سے جان چھوٹے ۔ یہی معاملہ آج قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کی ذیلی کمیٹی میں زیر غور آئے گا۔ جمشید دستی کی سربراہی میں یہ کمیٹی سی این جی کی مناسب قیمتوں کے تقرر کیلئے سفارشات تیار کرے گی، اسی کمیٹی میں پی ایس او کے ذخائر سے اربوں روپے کے تیل کی چوری کا معاملہ بھی اٹھایاجائیگا، جس کیلئے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں ۔ ادھر سپریم کورٹ میں بھی رواں ہفتے سی این جی کی قیمتوں کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوگی۔ عوام یہی امید کررہے ہیں کہ جلد انہیں اس مشکل سے نجات دلائی جائے گی ۔