Home » Gujranwala » جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو ملک کے ہر شہری کو برابر کے حقوق ملیں گے،بلال قدرت بٹ

جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو ملک کے ہر شہری کو برابر کے حقوق ملیں گے،بلال قدرت بٹ

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر ) ا میر جماعت اسلامی ضلع گوجرانوالہ و امیدوار NA98 بلال قدرت بٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو ملک کے ہر شہری کو برابر کے حقوق ملیں گے۔صحت و تعلیم کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔مہنگائی میں کم از کم30فیصد تک کمی لائی جائے گی۔ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور ان وسائل کو بروئے کار لاکر ہم اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کریں گے۔کرپشن اور رشوت سے پاک کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا اور تمام فیصلے قرآن و سنت کے مطابق کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزNA98 میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس اعلیٰ پڑھی لکھی ،بے داغ اور محب وطن قیادت موجود ہے اور ہمارا منشور انقلابی ہے جس میں ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل موجود ہے۔الحمد للہ اسمبلیوں اور سینیٹ میں رہنے کے باوجود ہمارے نمائندوں کے دامن صاف ہیں اور ان پر ایک روپے کی کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے الزامات نہیں۔ملک کو حقیقی معنوں میں ایسی قیادت کی ضرورت ہے جس کا جینا اور مرنا پاکستان میںہو۔ان کے بچے لندن،پیرس اور امریکہ کی یونیورسٹیوں میںنہ پڑھتے ہوں بلکہ عام آدمی کے بچوں کے ساتھ زندگی گزرتے ہوں آخرت میں جواب طلبی کے خوف سے خودد تو بھوکے سوجائیں مگر لوگوں کے دکھ درد کا مداوا کریں۔