Home » Breaking » عوام کی سہولت اور خدمت کیلئے میٹروبس پراجیکٹ پر دن رات برق رفتار سے کام جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

عوام کی سہولت اور خدمت کیلئے میٹروبس پراجیکٹ پر دن رات برق رفتار سے کام جاری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(بیورورپورٹ،میڈیاورلڈ لائن) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت اور خدمت کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے جس پر دن رات برق رفتاری سے کام جاری ہے ۔ یہ منصوبہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ کام اور محنت کا ایسا کلچر متعارف کرایا گیا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ اس منصوبے سے بہت کچھ سیکھا گیا ہے ، کام اور محنت کے اسی کلچر کو آگے لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔ میٹرو بسیں بہت جلد لاہور پہنچ رہی ہیں اور مستقبل قریب میں عام آدمی آرام دہ اور جدید بس پر عزت سے سفر کرسکے گا۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار آج ماڈل ٹاؤن میں میٹرو بس پراجیکٹ کے کام کی رفتار پر پیشرفت، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ،ہارٹی کلچر اور لینڈ سکیپنگ کے سلسلے میںمنعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، ارکان اسمبلی ڈاکٹر سعیدالہٰی، حافظ میاں نعمان، رمضان بھٹی، سیکرٹریز ہوم، مواصلات و تعمیرات، کمشنر لاہور ڈویژن، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، ڈی سی او لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، سی ٹی او، ڈی جی پی ایچ اے، ایم ڈی واسا، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، کنٹریکٹرز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو منصوبے کے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں سیکرٹری ہوم، مختلف سیکشنز پر کام کی رفتار پر پیشرفت کے حوالے سے ڈی جی ایل ڈی اے، ٹریفک مینجمنٹ پر سی ٹی او جبکہ ہارٹیکلچر او رلینڈ سکیپنگ سے متعلق ڈی جی پی ایچ اے نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔ نہر اور یادگار چوک پر ریسکیو 1122 کے سنٹرز بنائے جائیں گے۔ روٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں اور روٹ، بس سٹیشنز اور جنکشنز کی فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ سکیورٹی پلان فول پروف سسٹم کے ساتھ 24 گھنٹے فنکشنل ہونا چاہیئے۔ سکیورٹی انتظامات کرتے وقت تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارک اینڈ رائیڈ اور بس سٹیشنز پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، ایسکیلیٹرز کی تنصیب کاکام جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور ہر کام معیاری انداز سے مکمل کیا جائے۔ زیرالتوأ کاموں کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت میںپورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیشنز پر ای ٹکٹنگ کے بوتھ بھی بنائے جائیں گے، عوام کی مشکلات کم سے کم کرنے کے لئے روٹ پر ٹریفک کے متبادل انتظامات بہترین انداز میں کئے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے چیف ٹریفک آفیسر لاہور کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک ہر صورت میںرواں دواں رہنی چاہیئے۔ عوام کی سہولت اولین ترجیح ہے، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ روٹ کے تمام مقامات پر خوبصورت لینڈ سکیپنگ کا جامع منصوبہ تیار کیا جائے جبکہ ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کیلئے پائلٹ پراجیکٹ تیار کیا جائے جس کا میں آئندہ دورے پر جائزہ لوں گا ۔ وزیراعلیٰ نے میٹرو بس پراجیکٹ کے 28 کلومیٹر طویل راستے کو بہترین سیاحتی مقام بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روٹ کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر سیاحو ںکی توجہ کیلئے کافی شاپس، ٹک شاپس اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کا جائزہ لے کر مکمل منصوبہ پیش کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ فلائی اوور کے اوپر بھی خوبصورت انداز میں ہارٹیکلچر کا کام کیا جائے جبکہ پلوں کے ستونوں کو آؤٹ سورس کرتے ہوئے تشہیری مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر بھی غور کیاجائے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے روٹ پر تعمیراتی کام کے دوران پانی کے پائپ ٹوٹنے کے واقعات اور اس کے نتیجے میں شہریوں کی مشکلات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا کی سرزنش کی اور حکم دیا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور اگر آئندہ شکایت ملی تو متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔