رحمان ملک 61 ویں سالگرہ منائیں گے تاج محل میں، بھارتی میڈیا
بھارتی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کو سالگرہ کے موقع پر تاج محل کاخصوصی دورہ کرانے کی درخواست بھیج دی گئی۔ رحمن ملک دورہ بھارت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان نئی ویزا پالیسی کوفعال کرنے کے معاہدے پر دستخط بھی کریں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک گیارہ سے تیرہ دسمبر تک انڈیاکادورہ کررہے ہیں۔ نئی دہلی میں دونوں ممالک کے درمیان نئی ویزا پالیسی کو فعال کرنے کیلئے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ستمبر میں دونوں ممالک کے حکام نے اسلام آباد میں عوام کے درمیان رابطوں اور تجارت کے فروغ کیلئے معاہدہ کیا تھا جس کی صدر آصف زرداری نے بھی توثیق کردی۔بھارتی وزیرداخلہ سوشیل کمار شندے نے منگل کو پاکستانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی۔ شندے کے مطابق رحمن ملک کو بارہ دسمبر سالگرہ کے دن۔۔ تاج محل کاخصوصی دورہ کرایاجائے گا۔ بھارتی سرکار ان کے اہلخانہ کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے۔