نیٹو: ترکی کے لیے پیٹریاٹ میزائل کی منظوری
شمالی اوقیانوس کے ممالک کے اتحاد نیٹو کے وزرائے خارجہ کے برسلز میں اجلاس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ ترکی کی شام کے ساتھ ملحق سرحد پر پیٹریاٹ میزائل شکن نظام نصب کیا جائے گا۔نیٹو کے اٹھائیس رکن ممالک کے وزرائے خارجہ ترکی کی درخواست پر برسلز میں ایک اجلاس میں شرکت کے لیے اکٹھے ہوئے جس میں ترکی کی سرحد پر میزائل نصب کرنے کی اجازت کا معاملہ زیر غور رہا۔نیٹو حکام نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ یہ ایک خالصتاً دفاعی اقدام ہو گا۔ نیٹو کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس بات پر رضامند ہے کہ ترکی کی فضائی دفاع کی صلاحیت کو بڑھائے تاکہ وہ اپنے عوام اور علاقوں کا دفاع کر سکے اور اتحاد کی سرحدوں کے ساتھ بحران کو کم کرنے میں مدد کرے۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندرے فوگ راسموسن نے کہا کہ وزراء نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر یکطرفہ طور پر تشویش ظاہر کی ہے۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے شامی حکومت کو تنبیہ کی تھی کہ شامی شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال عالمی برادری کے لیے ناقابل قبول ہو گا۔