Home » Gujranwala » قومی خزانے کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

قومی خزانے کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور ( بیورورپورٹ ،میڈیاورلڈ لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کا قیام صوبہ بھر میں عوام کو جدید اور باکفایت ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عمل میں لایا گیاہے‘ اتھارٹی محفوظ اور آرام دہ بس آپریشن کو یقینی بنائے گی اور میٹرو بس پراجیکٹ کی سکیورٹی کے موثر انتظامات کی بھی ذمہ دار ہوگی‘ میٹرو بس پراجیکٹ کے روٹ پر صفائی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جا رہاہے‘میٹرو روٹ پر غیرمتعلقہ افراد، عام گاڑیوں یا آمد و رفت کے دیگر ذرائع کی روک تھام کیلئے موثر نظام بنایا گیا ہے‘خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا‘میٹرو بس سروس مفاد عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے جسے انتہائی برق رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے ماڈل ٹاؤن میں پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں معاون خصوصی زعیم حسین قادری، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی، خزانہ اور ٹرانسپورٹ کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ ایم ڈی پنجاب میٹرو بس اتھارٹی نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کے بجٹ اور پوسٹوں کی منظوری دیتے ہوئے بھرتی کیلئے ریکروٹمنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس اتھارٹی کو مکمل طو رپر پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جائے کیونکہ پنجاب حکومت نے عوام کو تیز رفتار اور باکفایت پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے میٹرو بس پراجیکٹ شروع کیا ہے اور اس کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بھی پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کے اجراء سے شہری طویل سفر کم وقت میں آرام دہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے طے کرسکیں گے جس سے ان کے قیمتی وقت کی بچت ہوگی ۔ میٹرو بس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی جیسے ملک نے میٹرو پراجیکٹ اڑھائی سال میں مکمل کیا جبکہ پنجاب حکومت ایک سال سے کم عرصے میں یہ منصوبہ مکمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ہر منصوبے کی طرح میٹرو بس پراجیکٹ میں بھی شفافیت اور معیار کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور قومی خزانے کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایک ایک پیسہ قوم کی امانت سمجھ کر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب میٹرو بس اتھارٹی کیلئے عملے کی بھرتی شفاف انداز میں میرٹ پر کی جائے اور صرف باصلاحیت اور معیار پر پورا اترنے والے افراد کو بھرتی کیا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ پر کام کرنے والے افسران کی کارکردگی لائق تحسین ہے اور اتنے کم عرصے میں اتنے بڑے پراجیکٹ کا مکمل کیا جانا یقینا ایک تاریخ ساز کام ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی زعیم حسین قادری نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ سے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے۔ مخالفین خاموش ہو گئے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹ سے لاہور کا نیا خوبصورت چہرہ سامنے آ رہا ہے یہ سب آپ کی محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو عوام کی خدمت کے مزید مواقع عطا فرمائے۔