Home » Gujranwala » بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے کیلئے دن رات کوشاںہیں،خواجہ عامر حسن

بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے کیلئے دن رات کوشاںہیں،خواجہ عامر حسن

گوجرانوالہ(ناصر بٹ)گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ عامر حسن نے کہا ہم بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرانے کیلئے دن رات کوشاںہیں۔اس سلسلہ میں لاہور او ر اسلام آباد میں مختلف اعلیٰ سرکاری افسران سے ان کے دفتروں میں جا کر انڈسٹری کے مسائل کو نہ صرف اجاگر کر رہے ہیں بلکہ ان کے حل کیلئے افسران پر دباؤ بھی ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال ،سیاسی عدم استحکام ،توانائی کا بحران اور کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو یقینی بنوانے کیلئے گوجرانوالہ چیمبر گاہے بگاہے آواز اٹھا رہا ہے اور اٹھاتا رہے گا۔قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے پوری قوم کو بیدار ہونا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع نائب صدر ملک محمد امین ناز ،سابق صدور خواجہ ضرار کلیم ، خواجہ طاہر حسن بھی موجود تھے۔صدر چیمبرخواجہ عامر حسن نے سٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینز پر زور دیا ہے کہ وہ کمیٹیوں کو فعال بنا کر اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس ماہانہ بنیاد پر ہوگا ۔جن افراد کو کمیٹیاں دیں گئیں ہیں ان سے گزارش ہے کہ متعلقہ اداروں میں باہمی آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے چیمبر کی نمائندگی کا بھر پور حق ادا کریں ۔سرکاری محکمہ جات سے روابط کو بہتر انداز میں استوار کریں اور کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے چیمبر کے کردار کو موثر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینز کی تجاویز کی روشنی میں بزنس کمیونٹی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا ۔قبل ازیں سٹینڈنگ کمیٹیوں کے نومنتخب چیئرمینز نے مسائل کے حل کیلئے صدر چیمبرکو فرداً فرداً تجاویز دیں جن سے صدر چیمبر نے مکمل اتفاق کیا۔