Home » Gujranwala » ملکی بقاء اور عوامی فلاح مخلص ایماندار قیادت کے انتخاب میں ہے، طارق جاویدبٹ

ملکی بقاء اور عوامی فلاح مخلص ایماندار قیادت کے انتخاب میں ہے، طارق جاویدبٹ

گوجرانوالہ(مشتاق احمد شیخ سے)نفیس لب و لہجے اور ہر دلعزیز شخصیت کے مالک طارق جاوید بٹ جماعت اسلامی سے 1984سے وابستہ ہیں ، اس دوران انہوں نے جماعت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں جس کی بدولت وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے پہلے یونین کونسل کے نائب ناظم منتخب ہوئے بعدازاں نائب ناظم قلعہ دیدار سنگھ ٹاؤن کے منصب پر فائز ہوئے اور اب جب عام انتخابات کا شوروغوغامچا ہوا ہے تو جماعت اسلامی نے انہیں حلقہ این اے95سے امیدوار نامزد کیا ہے ، ہم نے ان ملاقات کا اہتمام کیا اور ان سے سیر حاصل گفتگو کی جونذر قارئین ہے ، جماعت اسلامی میں شمولیت کے حوالے سے طارق جاوید بٹ نے کیا ابتداء تو اتنا شعور نہیں تھا کالج دور میں کھیلوں تک محدود تھے، اور کالج انتخابات میں بھی ہم نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا مگر بعد میں جوں جوں شعور کے دروازے کھلتے گئے سوچ اور فکر پختہ ہوتی گئی اور یہی سوچ اور فکر جماعت میں لے آئی ، عملی سیاست کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طارق جاوید بٹ نے کہا ، جب شہر کے حالات دیکھے اور مقامی سیاستدانوں کی ترجیحات پر نظر ڈالی تو دل کو بہت دکھ ہوا اور یہی چیز عملی سیاست میں لے آئی جماعت اسلامی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو فرد کو اور فرد سے معاشرے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اگر اللہ نے کرم کیا اور عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو ہم انشاء اللہ معاشرے کو تبدیل کر کے دکھائیں گے بطور یونین اور ٹاؤن نائب ناظم اپنی کارکردگی کے عوامی اطمینان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر حال میں کوشش کی ہے کہ لوگوں نے ہمیں ووٹ دے کر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اتریں اور آج بلدیاتی نظام کو ختم ہوئے بھی چار پانچ سال کا عرصہ ہونے کو ہے تو لوگ ہمیں جس خندہ پیشانی سے ملتے ہیں وہ اسے بات کی غمازی ہے کہ ہم نے انکی ترجمانی کاحق اداکیا ہے ، قومی اسمبلی کے الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طارق جاوید بٹ نے کہا چونکہ اس وقت ہماری ملکی سیاست میں برادری ازم سرمایہ داری اور مفادات کے گٹھ جوڑسے نظریاتی لوگوں اور عوام کا استحصال ہو رہا ہے جسکی بدولت اب عوام ان لوگوں سے متنضر ہو کر نئی جہت کی تلاش میں ہیں ، اپنی ترجیحات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طارق جاوید بٹ نے کہا ترجیحات کی تکمیل کیلئے انتخاب جیتنا ضروری ہے اور انتخاب تب ہی جیتا جائیگا جب لوگ ہمارے پیغام پرکان دھرتے ہوئے مفاداتی ٹولے کو رد کر کے صالح اور دیندار قیادت کو تومنتخب کریں گے اور اگر ایسا ہوگیا توہم انشاء اللہ خارجہ اور داخلہ پالیسیوں کے ساتھ ساتھ تعلیم صحت اور امور نوجواناں سمیت ہر شعبہ زندگی میں انقلاب برپاکر دیں گے ، عوام کے نام پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جماعت کے اس سلوگن کے ساتھ کو اپنا پیغام پہنچا رہے ہیں ’’تبدیلی کے تین نشان، اللہ محمد اور قرآن‘‘اور ان کو احساس دلانے کی کوشش کر رہے ہیں ، ملکی بقاء اور عوامی فلاح کا راز موجودہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات اور مخلص دیانتدار اور جذبہ حب رسول سے لبریز لوگوں کے انتخاب میں ہی ہے اور جماعت اسلامی سے بڑھ کر کوئی بھی جماعت اسلامی معیار پر پورا اترنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ۔