Home » Gujranwala » دینی مدارس اور دینی طلبہ اسلام کے قلعے اور اس کی فوج ہیں،ڈاکٹر عبد الکریم

دینی مدارس اور دینی طلبہ اسلام کے قلعے اور اس کی فوج ہیں،ڈاکٹر عبد الکریم

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا ہے کہ دینی مدارس اور دینی طلبہ دین اسلام کے قلعے اور اس کی فوج ہیں، دین کی فوج کو تمام جدید ذرائع استعمال کرنے چاہئیں، آج عالم کفر کا خصوصی ہدف مسلم نوجوان ہیں،کفار ان نوجوانوں کو بے مقصد کاموں میں لگا کر ان کے اصل مشن سے غافل کرنا چاہتے ہیںدینی مدارس کے اساتذہ کو کفار کی اس سازش کو سمجھنا چاہئے اور دینی طلبہ کو دین اسلام کی حفاظ کے لئے تیار کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے زیر اہتمام جامعہ محمدیہ اہلحدیث میں دینی مدارس کے طلبہ کے علمی ، فکری اور تربیتی طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ اس قوم کا مستقبل ہیں، ان کے لئے کائنات کی ہر چیز دعا کرتی ہے، ان کا سونا بھی عبادت بھی ہے اور جاگنا بھی۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب ہو کر کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنے دین کا چوکیدار بنایا ہے آپ کو اپنی اس عظمت کا ادراک ہونا چاہئے،اور آپ اپنی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ رہیں ،قوم پر جب بھی مشکل وقت آیا ہے دینی مدارس کے طلبہ ہی اس قوم کی راہنمائی کے لئے صف اول میں نظر آئے ہیں، آپ قوم کی نماز کے ہی امام نہیں بلکہ ان کی سیاسی و تجارتی زندگی میں بھی اپنی امامت کا سکہ منوائیں۔طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبد الستار حامد نے کہا کہ مدراس کے طلبہ کسی بھی وقت کسی بھی قسم کے احساس کمتری کا شکار نہ ہوں، آج دنیا بھر کے کفرا اسلام کے خلاف جنگ مدارس کو بنیاد بنا کر لڑ رہے ہیں۔ہمیں اس کا ادراک بھی ہے اور ہم مرکزی جمعیت اہلحدیث کے پلیٹ فام سے دینی مدارس کے طلبہ کی تربیت کر یں گے۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ جدید مسائل کو بھی سمجھیں اور خود کو ان معاملات میں ماہر بنانے کی کوشش کریں مرکزی جمعیت اہلحدیث طلبہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔طلبہ کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے شیخ الحدیث مولانا عبد الحمید ہزاروی نے کہا کہ موسم کی سختی کے باوجود مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کی طرف سے یہ کامیاب کنونشن اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مدارس دینیہ کے اساتذہ اور طلبہ نہ صرف اپنی جماعت سے پوری یکسوئی سے منسلک ہیں بلکہ وہ اپنی تربیت و راہنمائی کے اس پروگرام سے انتہائی خوش بھی ہیں،انہوں نے امیر پنجاب حافظ عبد الستار حامد کو مبارکباد دیتے ہوئے تربیتی کنونشنز کا سلسلہ مزید وسیع کرنے پر زور دیا ۔اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے صوبائی راہنما مولانا محمد ابرار ظہیر، پروفیسر عبد الرحمان شارق، مولانا عبد الغفور طاہر،مولانا محمد نعیم بٹ، مولانا صادق عتیق،مولاناپروفیسر سعید کلیروی، حافظ عمران عریف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔