Home » Breaking » نوجوان پاکستان کیلئے امید کی کرن ہیں، محمد شہباز شریف

نوجوان پاکستان کیلئے امید کی کرن ہیں، محمد شہباز شریف

لاہور(بیورورپورٹ،میڈیاورلڈ لائن) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی سودمند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے فراہم کئے گئے وسائل سے ملک و قوم کے مستقبل پر دوررس اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پنجاب حکومت نے نئی نسل کو جدید علوم سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ گزشتہ برس صوبے بھر میں ہونہار اور ذہین طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر سوا لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے جبکہ رواں سال بھی میرٹ پر ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں جن میں سے 22 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے لیپ ٹاپ سکیم میں سرکاری یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کے پی ایچ ڈی اساتذہ کو شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر میں سب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا لیپ ٹاپ سکیم میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی شمولیت سے ان کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا جبکہ دینی مدارس کے طلبا و طالبات کو مزید لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔آج ماڈل ٹاؤن میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے صوبہ بھر میں شروع کئے جانے والے مختلف پروگراموں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کیلئے امید کی کرن ہیں۔نوجوانو ںکی فلاح و بہبود کیلئے پنجاب حکومت نے اربوں روپے کے انقلابی پروگرام شروع کئے ہیں۔پنجاب حکومت نوجوانو ں کی فلاح و بہبود کے پروگراموں پرشفاف انداز سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں نوجوانوں کی عملی تربیت کے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ انٹرن شپ پروگرام کے تحت 50 ہزارنوجوانو ںکو10 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انٹرنیز کو پیشہ وارانہ تربیت کیلئے سرکاری محکموں کے علاوہ پرائیویٹ اداروں میں بھی ٹریننگ فراہم کی جائے ۔ انٹرنیز کی تربیت کیلئے پروگرام کو مزید بہتر بنایا جائے کیونکہ انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں کو عملی زندگی کا پیشہ وارانہ تجربہ فراہم کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے اور اب تک 40 ہزار انٹرنیز کو انٹرن شپ لیٹرز جاری کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انٹرن شپ پروگرام پر عملدرآمد کے دوران اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے کہ طلبا و طالبات کو دوران تربیت مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح قابل بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زرعی معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر ملک کو زرعی شعبے میں خودکفیل بنایا جاسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں نوجوان کاشتکاروں کیلئے سستے داموں آسان شرائط پر گرین ٹریکٹرز سکیم کا اجراء کیا ہے تاکہ وہ زراعت کے شعبے میں بہتری لائیں۔گرین ٹریکٹرز سکیم میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کا کوٹہ آبادی کے تناسب سے زیادہ رکھا گیا ہے۔ انہو ںنے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ 9 ہزار سے زائد ٹریکٹرز کاشتکاروں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ 48 ٹریکٹرز راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقہ جات کے نوجوان کاشتکاروں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت یوتھ کیلئے شروع کئے جانے والے پروگراموں پر شفاف انداز سے عمل پیرا ہے اور ہم نے صوبے کے نوجوانوں کو نہ صرف ان کا حق دیا ہے بلکہ انہیں بااختیار بھی بنایا ہے،اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، معاون خصوصی زعیم حسین قادری، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان، ایم این اے سائرہ افضل تارڑ، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ اخوت تنظیم کے ڈاکٹر امجد ثاقب نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ کو نوجوانو ںکیلئے شروع کئے گئے پروگراموں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔