پاکستان تیسرا ون ڈے ہار کر سیریز جیت گیا
بھارت نے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان کو دس رنز سے ہرادیا، سیریز دو ایک سے پاکستان نے جیت لی، لیکن مصباح الحق کا سیریز میں وائٹ واش کرنے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں مد مقابل تھیں جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستان بولرز نے سیریز کے دیگر میچوں کی طرح اس ون ڈے میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اورپوری بھارتی ٹیم کو تینتالیس اعشاریہ چار اوور میں ایک سو سڑسٹھ رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے پانچ کھلاڑیوں کو شکار کیا، جو ان کے کیرئیر کی بہترین ون ڈے بولنگ بھی ہے۔ محمد عرفان نے بھی دو وکٹیں لیں۔ بھارت کی جانب سے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے چھتیس اور سریش رائنا اکیتس رنز بناسکے۔جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا کامران اکمل کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہوئے۔ پھر یونس خان بھی چھ رنز بناکر بولڈ ہوئے تو پاکستانی بیٹسمین دباو میں آگئے اور رنز بنانے کی رفتار کم ہوگئی۔ پھر ناصر جمشید چونتیس اور کپتان مصباح الحق انتالیس رنز کے آؤٹ ہوتے ہی بھارت بولرز چھا گئے آخیر میں محمد حفیظ اکیس رنز نے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ جو دس رنز کی کمی سے میچ ہار گئی۔بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے تین جبکہ روی چندرن ایشون اور بھونیشور کمار نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ دھونی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ناصر جمشید سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔پاکستان نے چنئی میں سیریز کے پہلے ون ڈے میں چھ وکٹ سے اور پھر کولکتہ کے دوسرے ون ڈے میں پچاسی رنز سے فتح سمیٹی تھی۔ اسطرح تین میچوں کی یہ سیریز دو ایک سے پاکستان کے نام رہی۔