Home » Gujranwala » سیرت النبی پر عمل پیرا ہو کر مسلمان اپنی دین ودنیا کو کامیاب کرسکتے ہیں،رضا ثاقب مصطفائی

سیرت النبی پر عمل پیرا ہو کر مسلمان اپنی دین ودنیا کو کامیاب کرسکتے ہیں،رضا ثاقب مصطفائی

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)علامہ پروفیسر رضا ثاقب مصطفائی نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے فضل وکرم سے رحمۃ اللعالمین احمد مجتبی محمد مصطفے ﷺ کو پیدا فرما کر اپنی نعمتوں کی بارش برسائی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو یونیورسٹی ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کے آڈیٹوریم ہال میں محفل میلاد اور سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس کی صدارت ایم ایس ڈای ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹرانور امان نے کی جبکہ انچارج یو ٹی ڈی کلاس غلام مرتضی سیفی نے محفل کا انتظام کیا۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی‘ ڈاکٹر غلام شبیر طاہر‘ ڈی ایم ایس ڈاکٹر سرفراز کھوکھر اور ڈاکٹر محمد حمید عمر کے علاوہ طلباء نے کثیر تعداد میںتقریب میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا جس کی سعادت حافظ محمد مہتاب مرتضی سیفی نے حاصل کی۔ علامہ پروفیسر رضا ثاقب مصطفائی نے کہا کہ ماہ ربیع الاول عظمتوں اور برکتوں کامہینہ ہے انہوں نے کہاکہ ماہ ربیع الاول کی بارہ تاریخ کو یعنی ولادت پاک کے دن خوشی و مسرت کا اظہار کرنا ‘ مساکین کو کھانا کھلانا اور میلاد شریف کا جلوس نکالنا ‘ جلسے ومحافل پاک منعقد کرنااور کثرت سے درود پاک پڑھنے کا بڑا اجر وثواب ہے جو یہ عمل کرے گا اللہ تعالی تمام سال اس کو امن وامان مرحمت فرمائے گا اور اس کے تمام جائز مقاصد پورے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئیے کہ وہ اس ماہ مبارک میں بارہویں تاریخ کو بالخصوص اور باقی سال بالعموم میلاد شریف کی مجالس منعقد کیا کریں یہ محفل پاک ذریعہ ہدایت اور حصول برکت ہوتی ہے۔ تقریب سے ایم ایس ڈاکٹر انور امان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی پر عمل پیرا ہو کر مسلمان اپنی دین ودنیا کو کامیاب کرسکتے ہیں‘بحثیت مسلمان ہمیں اپنے بچوں کو سیرت النبی ﷺ کے پہلوؤں بارے ضرور روشناس کرانا چاہئیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار علی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔