Home » Gujranwala » پی ٹی آئی ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اورجمہوریت کے تسلسل پریقین رکھتی ہے،بیرسٹرعلی اشرف مغل

پی ٹی آئی ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اورجمہوریت کے تسلسل پریقین رکھتی ہے،بیرسٹرعلی اشرف مغل

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء این اے 96کے امیدواربیرسٹرعلی اشرف مغل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اورجمہوریت کے تسلسل پریقین رکھتی ہے اورماورائے آئین کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔ موجودہ حکمرانوں کی کرپشن اورلوٹ مار کے سبب لوگوں کا جمہوریت سے اعتماد متزلزل ہواہے لیکن اس کے باوجود پارلیمانی جمہوریت ہی ملک کے تمام مسائل کاحل ہے اورصحیح عوامی مینڈیٹ سے منتخب ہونے والی حکومت چند ماہ میں ملک کو مسائل کی گرداب سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے پی ٹی آئی آفس میں تحریک کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملکی صورتحال پر غوروحوض کیاگیااوربیرسٹر علی اشرف مغل نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان وسائل سے مالامال مملکت ہونے کے باوجود حکمرانوں کی نااہلی اورکرپشن کی وجہ سے بے پناہ مسائل کا شکارہے اورعمران خان جیسی قیادت ہی اسے ان مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علامہ طاہرالقادری کے لانگ مارچ کے مقاصد تحریک انصاف کے منشورکاحصہ رہے ہیں اورملک میں برابری کی سطح پر قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور شفاف انتخابات کیلئے غیرجانبدارالیکشن کمیشن کے قیام کیلئے ہماری جدوجہد سب کے سامنے ہے۔ بیرسٹرعلی اشرف مغل نے کہاکہ اب حکومت کو غیرجانبدارانہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کیلئے بھی مجبورکرکے ملک میں شفاف ترین انتخابات کیلئے دباؤ ڈالاجائے گا تاکہ آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات میں عوام کو اپنے پسندیدہ امیدواروں کے چناؤ کا موقع مل سکے۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ عوام سوچ سمجھ کا ووٹ کا حق استعمال کرکے چوروں اورلٹیروں کی ہمیشہ کیلئے چھٹی کرادیں گے۔