Home » Gujranwala » حکومت پانچ سالوںمیں بجلی کا حل نہیں نکال سکی،محمد آصف کلیر

حکومت پانچ سالوںمیں بجلی کا حل نہیں نکال سکی،محمد آصف کلیر

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 104محمد آصف کلیر نے کہا ہے کہ موجودہ اسمبلی صرف 6افراد پر مشتمل ہے جو ملک کو 2008سے بھی پیچھے لے گئے ہیں۔ پانچ سال میں بجلی کا حل نہیں نکالا جا سکاہے۔نچلے اور درمیانے طبقے میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ وہ یہاں اخبار نویسوں سے غیر رسمی بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی 6شخصیات آصف علی زرداری، میاں محمد نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت حسین ، اسفند یار ولی اور الطاف حسین پر مشتمل ہے جہاں پیپلز پارٹی اپنی سادی اکثریت سے فائدہ اٹھا کر صرف اپنے مفاد کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی جمہور کی آواز بننے اور ملک کو وقت کے ساتھ لے کر چلنے میں ناکام رہی ہے۔ملک 2008سے بھی پیچھے چلا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت فراہم کرناجمہوریت کی بنیاد اور منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن جمہوریت متاثر کر سکی نہ عوامی نمائندے۔انہوں نے کہا کہ عوام یہ محسوس کرنے میں حق بجانب ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ان کو دھوکا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی قوت خرید اور آمدنی میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے ان کا گھریلو نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور نچلا اور درمیانہ طبقہ احساس محرومی اور ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کی معمول کی زندگی کی طرف واپس لانے کے لئے آئندہ حکومت کو سخت محنت کرنا پڑے گی بشرطیکہ وہ عوام کو سہولت دینے کا ارادہ کرے۔