Home » Breaking » عام انتخابات کے نزدیک نام نہاد انقلاب کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی،وزیراعلیٰ پنجاب

عام انتخابات کے نزدیک نام نہاد انقلاب کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(بیورورپورٹ،میڈیاورلڈ لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ’’اتحادی مارچ‘‘ بن کر اپنے منطقی انجام کو پہنچا۔ کوئی مطالبہ پورا نہیں ہوا، معصوم بچوں، عورتوں،بزرگوں کو سخت سردی اور بارش میں ناحق تکلیف میں رکھا گیا۔ جمہوریت مخالف قوتوں کی مرادیں بارآور نہ ہوسکیں۔ عام انتخابات کے نزدیک نام نہاد انقلاب کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ قوم جاننا چاہتی ہے کہ لانگ مارچ اور دھرنے سے کیا مقاصد حاصل کئے گئے؟ لانگ مارچ اور دھرنے پر کروڑوں روپے برباد کرنے والے ’’مک مکا‘‘ کرکے چل دیئے۔ لانگ مارچ کرنے والوں نے پہلے جنہیں برا بھلا کہا پھر انہیں گلے لگا لیا، یہ قول و فعل کا کھلا تضاد ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ طاہرالقادری ’’ریاست بچاؤ‘‘ کی بجائے ’’عزت بچاؤ‘‘ کا معاہدہ کر گئے۔ گرم کنٹینر میں بیٹھنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔ ملک و قوم کی خدمت کا درد رکھنے والوں کو مٹی کے ساتھ مٹی بننا پڑتا ہے اور مشکل حالات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ اصل قوت عوام ہیں جو ووٹ کے ذریعے تبدیلی لاتے ہیں۔ طاہرالقادری نے بچوں اور خواتین کو اپنی ضد کی وجہ سے بیمار کرکے چھوڑ دیا جبکہ وہ خود گرم کنٹینر میں تشریف فرما رہے۔ پوری قوم جانتی ہے کہ لانگ مارچ کرنے والے امپورٹڈ عناصر اس وقت بیرون ملک عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے تھے جب ملک کو سیلاب اور ڈینگی جیسی قدرتی آفات کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی یا انقلاب زبانی نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے آتا ہے۔ عوام نے جھوٹے نعرے لگانے والوں کو رد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس کیلئے عام انتخابات کا بروقت انعقاد انتہائی ضروری ہے کیونکہ ملک جن گھمبیر مسائل میں دھنس چکا ہے ان کے حل کیلئے نئے مینڈیٹ کی ضرورت بڑھ چکی ہے۔ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ وںپر سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ ملک کسی قسم کی افراتفری کا متحمل نہیںہوسکتا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔اسے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، جہالت اور دیگر مسائل کا سامنا ہے جن کا واحد حل عام انتخابات کا بروقت انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے نااہل حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن نے ہی ملک کو گھمبیر مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ میں روز اول سے ہی اس کرپٹ مافیا کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے صوبے میں عوامی خدمت اور گڈ گورننس کی بنا پر ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں میں مقبول جماعت بن چکی ہے اور مخالفین مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوف زدہ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جمہوریت ، قانون کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل ترجیجی بنیادوں پر حل کریں اور ان سے قریبی رابطہ رکھیں۔