Home » Gujranwala » تھانہ سبزی منڈی کے نکے تھانیدار وحید کی نوجوان تاجر سے مبینہ غنڈہ گردی

تھانہ سبزی منڈی کے نکے تھانیدار وحید کی نوجوان تاجر سے مبینہ غنڈہ گردی

گوجرانوالہ(ملک ساجد تنویر اعوان )تھانہ سبزی منڈی کے نکے تھانے دار کی نوجوان تاجر سے مبینہ غنڈہ گردی، ایزی لوڈ نہ کرنے کا الزام لگا کر نوجوان محمد ناصر پر ٹھڈوں مکوں تھپڑوں کی بارش کرکے لہولہان کردیا۔ بلدیہ سے ملحقہ بازار غازی پورہ کے تاجروں کا اے ایس آئی وحید بلا و دیگر اہلکاروں کے خلاف شدید احتجاج و نعرے بازی پر زور مذمت، آر پی او گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے واقعہ کی فوری انکوائری کا حکم دے کر ایس پی سٹی گوجرانوالہ لیاقت ملک کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا جبکہ ایس پی سٹی کے بار بار بلاوے کے باوجود متذکرہ پولیس اہلکار انکوائری کیلئے حاضر نہ ہوا چنانچہ اب 22 جنوری کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ دریں اثناء محلہ غازی پورہ بازار کے تاجروں تنویر احمد، نذیر احمد، محمد عمران، محمد رمضان وغیرہ نے پولیس کی دوسری مرتبہ مبینہ غنڈہ گردی گالی گلوچ کے خلاف احتجاجی شٹر ڈاؤن ہڑتال کیلئے اجلاس طلب کرلیا ہے علاقہ کے مکینوں میں پولیس کی بڑھتی ہوئی زیادتیوں ناانصافیوں کے خلاف اشتعال بڑھ رہا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں گذشتہ سال بھی اسی تھانہ کے کانسٹیبل ندیم نے اسی بازار کے تاجر کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ نندی پور ٹاؤن ملازم عمیر پر وحشیانہ تشدد کے باعث متذکرہ تھانے کے 17 اہلکاران معطل ہوئے تھے۔