Home » Gujranwala » تحریک انصاف برسراقتدار آ کر ملکی معیشت کو بہتر بنائے گی، رانا نعیم الرحمن

تحریک انصاف برسراقتدار آ کر ملکی معیشت کو بہتر بنائے گی، رانا نعیم الرحمن

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پابندی کے باوجود پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلیوں کے حلقوں کے لیے سیلاب زدگان کے فنڈز سے ایک ارب بیس کروڑ روپے کی منتقلی کا اقدام افسوسناک ہے اور پری پول رگنگ کے مترادف ہے۔ الیکشن کی آمد قریب ہونے پر حکومت کی طرف سے فنڈز کا ناجائز استعمال غیر جمہوری طرز عمل کا عکاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما رانا نعیم الرحمن خاں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پابندی کے باوجود سرکاری بھرتیوں اور وزیراعظم کے اقدام کا نوٹس لے کر حکومتی عزائم کو بے نقاب کر دیا۔حکومت نے اپنے دور اقتدار میں ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل مل اور دیگر اداروں کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ ان اداروں میں مالی بحران سے ملکی معیشت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی یہ رپورٹ کہ حکومت معاشی ترقی کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور یومیہ چار ارب روپے قرض لے رہی ہے، سنگین صورتحال اور حکومت کی نااہلی ہے۔ تحریک انصاف برسراقتدار آ کر ملکی معیشت کو بہتر بنائے گی اور وسائل لوٹنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کر کے عوامی فلاح پر خرچ کرے گی۔