برل ازم یا کیمونزم نہیں اسلامی اقدار ہی مسلمانوں کو نجات دلا سکتی ہیں، محمد اکبر نقشبندی
- Gujranwala on February 2, 2013 in
- |
- by admin
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ برل ازم یا کیمونزم نہیں اسلامی اقدار ہی مسلمانوں کو نجات دلا سکتی ہیں۔ عاصمہ جہانگیر امریکی بھارتی ایجنڈے کی علمبردار ہیں۔ بطور نگران وزیراعظم قبول نہیں کرینگے۔ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام اور قیام امن کیلئے بہتر اسلامی ذہن رکھنے والی جاندار نگران حکومت کا قیام ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام جامع مسجد انوارِ مدینہ میں منعقدہ میلادِ مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مفتی محمد حسین صدیقی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی غلام نبی جماعتی، قاری غلام سرور حیدری، پیر عمار سعید سلیمانی، قاری محمد اعظم چشتی، حافظ محمد رفیق قادری، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، مولانا عبدالمجید کیلانی، حافظ محمد یعقوب فریدی، پیر قاری محمد اشرف شاکر، پیرسید شبیر حسین شاہ بخاری اور حافظ آصف اویسی نے بھی خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا کہ کراچی میں روزانہ قتل و غارت گری کے واقعات سے صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے۔ حکومت خونریزی پر اے پی سی جلد طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رحمان ملک کراچی میں گھمسان کی جنگ کا آلارم بجا کر شہریوں میں خوف و ہراس تو پھیلا دیتے ہیں مگر آگ اور خون کے کھیل کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کرتے۔ حکومت کاکام محض خطرے کی گھنٹی بجانا نہیں بلکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا بھی ہے۔ حکومت دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز، بے رحم کارروائی کرے تو کراچی میں چند دنوں میں امن قائم ہوسکتا ہے۔