Home » Gujranwala » کشمیری عوام مقیم پاکستان آئندہ الیکشن میں کشمیر مخالف جماعتوں کو ووٹ نہیں دیں گے ، افضل بیگ

کشمیری عوام مقیم پاکستان آئندہ الیکشن میں کشمیر مخالف جماعتوں کو ووٹ نہیں دیں گے ، افضل بیگ

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے آرگنائزر مرزا محمد افضل بیگ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہندوستان میں دہشتگردی کے کیمپوں کے انکشاف کے باوجود پاکستان کو ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی پالیسی پر نظر ثانی کی بجائے ہندوستان کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینا پاکستانی قوم کی تذلیل کے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیر داخلہ شوشیل کمار سندے اور سیکرٹری داخلہ آر کے سنگھ اعتراف کر چکے ہیں کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں دہشت گردی سمیت دیگر چار دہشت گردی کے واقعات میں راشٹریہ سیونگ سنگھ ملوث ہے، مگر اس انکشاف پر حکومت پاکستان اور پاکستانی سیاست دانوں کا ہندوستان کے اس گھناؤنے پروگرام کی مذمت اورصدائے احتجاج بلند کرنا اس کا بین ثبوت ہے، حکومت پاکستان نے ہندو نوازی کی غلامی کا طبق اپنے گلے میں ڈال لیا ہے اور یہ غلامی کا پھندا وہ پوری قوم کے گلے کا ہار بنانے پر تلی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کشمیر کش پالیسی کے خلاف کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں کہ 6لاکھ کشمیریوں کے قاتل ہندوستان کو پسندیدہ ملک قرار دے کر اس کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیر یوں کا قتل عام کرنے کی کھلی چھٹی دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقیم پاکستان آئندہ الیکشن میں کشمیر مخالف جماعتوں کو ووٹ نہیں دیں گے ، صرف اس سیاسی جماعت کو کامیاب بنائیں گے جس کے منشور میں مسئلہ کشمیر حل کرانا شامل ہو گا۔