Home » Gujranwala » حکمران جماعت کے مقامی ذمہ دار بھی اس بدعنوانی میں برابر کے شریک ہیں،محمد طارق گجر

حکمران جماعت کے مقامی ذمہ دار بھی اس بدعنوانی میں برابر کے شریک ہیں،محمد طارق گجر

گوجرانوالہ(جنرل رپورٹر)پیپلز پارٹی کے راہنما اور ایم پی اے چوہدری محمد طارق گجر، امیدوار این اے 96چوہدری محمد سعید گجر نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ فلائی اوور کی ناقص میٹریل سے تعمیر کے انکشاف نے پنجاب حکومت کے میرٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ گوجرانوالہ کے عوام اب ان چہروں کو پہچان چکے ہیں جو ہمدرد بن کر انکو لوٹنے میں مصروف ہیں ان کا اگلے الیکشن میں عوامی احتساب نوشتہ دیوار بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ میں شہریوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ چوہدری محمد بخش گجر، چوہدری عرفان گجر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ پہلے دن سے ہی کہ رہے ہیں کہ پنجاب حکومت محض پوائنٹ سکورنگ کے لئے فلائی اوور کا منصوبہ شروع کرنے جارہی ہے۔ منصوبے کے نقشے میں تبدیلی اور پھر این ایل سی کی طرف سے ٹھیکہ آگے بیچنا ظاہر کر رہا تھا کہ دال میں کالا نہیں بلکہ دال ہی کالی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کے مقامی ذمہ دار بھی اس بدعنوانی میں برابر کے شریک ہیں۔ چوہدری محمد طارق گجر اور چوہدری محمد سعید گجر نے چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور چئیرمین نیب سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کو فوری نوٹس لیا جائے اور کرپشن روک کر عوام کے اربوں روپے اور انکی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جائے