Home » Gujranwala » قوم کے نو نہالوں کو مہلک بیماریوں سے بچا کر صحت مند بنانا دینی و دنیا وی فریضہ ہے ، سید نجم احمد شاہ

قوم کے نو نہالوں کو مہلک بیماریوں سے بچا کر صحت مند بنانا دینی و دنیا وی فریضہ ہے ، سید نجم احمد شاہ

گوجرانوالہ (سینئر رپورٹر) قوم کے نونہالوں کو مہلک بیماریوں سے بچا کر ان کا مستقبل محفوظ اور صحت مند بنانا دینی و دنیاوی فریضہ ہے۔ بچے صحت مند اور توانا ہونگے تو انہیں تعلیم و تربیت بھی دی جاسکے گی۔ محکمہ صحت کے افسران حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوران آپریشنل خامیاں دور کرنے پر توجہ دیں۔ علماء کرام کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ معاشرے میں خدمت انسانیت کے مثبت رحجانات کو فروغ دیاجاسکے۔ان خیالات کااظہار ڈی سی او گوجرانوالہ سیدنجم احمد شاہ نے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے اور ویکسین پلوانے کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے علماء کرام کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سی پی او عبدالرزاق چیمہ‘ اے ڈی سی صالحہ سعید‘ ڈی او سی وسیم عباس‘ اے سی سٹی صلاح الدین‘ چیئرمین امن کمیٹی قاری محمد سلیم زاہد‘ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر مسعود بھٹی‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر ماہ جبین‘ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مدیحہ‘ ڈاکٹر نازش ندیم اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ٹی ایم اوز شریک تھے۔ڈی سی او نے کہا کہ قوم کا ہر بچہ قیمتی ہے اور حکومتی اداروںکی توجہ کاحق رکھتا ہے۔ لہذا مہم کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہر علاقے کے ہر گھر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے اور ویکسین میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے۔انہوں نے والدین کو تلقین کی کہ وہ اپنے بچوں کی نگہداشت کے فرائض حقیقی معنوں میں نبھائیں کسی بھی طرح کی غفلت نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔سی پی او عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ عبدالرزاق چیمہ محکمہ صحت کی ٹیموں کو بھرپور سیکیورٹی مہیا کرنے کے لئے حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے مہم کامیاب بنانے کے لئے پولیس بھرپور طور پر شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ویکسین پلانے والے والدین ایسے دیگر گھرانوں اور خاندانوں کو سمجھائیں جو توجہ نہیں دے پائے۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ انسانیت کی فلاح کے لئے صحت وتندرستی کے پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے انتظامیہ اور محکمہ کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانا اور حفاظتی ٹیکے لگوانا اختلافی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ قوم کے محفوظ مستقبل کا سوال ہے۔ اس سے کسی صورت صرف نظر نہیں کیا جائے گا۔ ای ڈی او ہیلتھ اور ڈی ایچ او نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر کے عوام اور مکاتب فکر کے معززین محکمہ صحت کے ٹال فری نمبر0800-88588 پر کسی بھی معاملے میں رابطہ کرسکتے ہیں۔